الخدمت کے تحت متاثرین کیلئے امدادی سامان  کے مزید درجنوں ٹرک روانہ 

    الخدمت کے تحت متاثرین کیلئے امدادی سامان  کے مزید درجنوں ٹرک روانہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       کراچی (سٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے مزید درجنوں ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔ الخدمت کی جانب سے سامان سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجا گیا ہے۔ سامان میں خشک راشن،آٹا،بچوں، خواتین اورمردوں کے ملبوسات،جوتے،کمبل،خیمے،ترپال،مچھر دانیاں،برتن،پینے کا پانی،بسکٹ،دودھ اور گھریلواستعمال کی دیگر اشیا شامل ہیں۔اب تک متاثرین سیلاب کو بڑی تعداداور مقدار میں سامان  بھیجا جا چکا ہے۔ سامان متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے ذمہ داران کے حوالے کیا جا رہا ہے جو وہاں متاثرین تک خود پہنچ کر رضاکاروں کے ہمراہ تقسیم کر رہے ہیں۔ الخدمت کی جانب سے نیوایم اے جناح روڈ پر مرکزی کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں سے گڈاپ اور دیگر علاقوں میں قیام پذیر متاثرین کو وقتاً فوقتاً کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔گڈاپ میں الخدمت نے2000متاثرین سیلاب کو رجسٹرڈ کیا ہے، جہاں خیمے، راشن ودیگر سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔گڈاپ،ائرپورٹ اور اورنگی کے علاقوں میں رہائش اختیارکرنے والے متاثرین سیلاب کو الخدمت کے مقامی ذمہ داران اپنے طور پر کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ الخدمت کی جانب سے ریلیف کے کاموں میں ہزاروں رضاکارسرگرم عمل ہیں،جبکہ شہر بھر سے بڑی تعداد میں امدادی سامان مرکزی ریلیف کیمپ پر جمع کر نے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کی جانب سے بڑا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ الخدمت کی جانب سے درجنوں ٹرکس کی ایک اور کھیپ روانہ کی گئی ہے،جبکہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے اہل کراچی کا جذبہ قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت ہیڈ آفس پر بچے،نوجوان،خواتین اور طلبہ وطالبات اوررضاکاروں کی کثیر تعداد ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے، سب کا جذبہ ایک ہی ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کر نی ہے۔ یہ جذبہ ہو تو بڑی مشکلیں آسان ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی وہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔  

مزید :

صفحہ اول -