سکھر ایوانِ صنعت کا100 گھروں کی دوبارہ تعمیرکرنے کا اعلان

سکھر ایوانِ صنعت کا100 گھروں کی دوبارہ تعمیرکرنے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سکھر ایوانِ صنعت و تجارت نے100 گھروں کی دوبارہ تعمیر اور بحالی کے پروگرام کا بڑااعلان کردیا۔سکھر میں قائم مختلف ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کو گرم کھانا اور راشن بیگز فراہم کیا گیا۔ اس سلسلے میں سکھر ایوانِ صنعت و تجارت میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث رونما ہونے والے کاروباری طبقے کے مسائل اور انکے حل کا جائزہ لینے اور سکھر کے متاثرین کو ریلیف دینے سے متعلق ایک اہم ترین اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایوان کے صدر عامر علی خان غوری نے کی اور اجلاس میں سرپرست اعلی  وقار محمود خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں صدرِ ایوان کی دعوت پر نائب صدر عبدالمجید قریشی، سابق صدور شکیل احمد مختار، محمد دین، محمد رضوان الحق ملک، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا اور تمام شرکا نے سابق صدرانجینئر عبدالفتاح شیخ کے والدین کی صحتیابی اور متاثرین کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔شرکا نے ابتدائی مرحلے میں سکھر کے غریب و سفید پوش متاثرین کے 100گھر تعمیر و بحال کرنے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں خدمت کے جذبے سے سرشار شرکاِ اجلاس نے متاثرین کیلئے رین ریلیف فنڈ کیلئے مالی امداد کی ایک خطیر رقم بھی جمع کروائی۔اجلاس کے شرکا نے تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے بعد متفقہ طور پر حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیاکہ سکھر کے تمام صارفین کے یوٹیلٹی بلز معاف کیئے جائیں، بینک کے قرضوں کی ادائیگی کا دورانیہ بڑھایا جائے اور اس پر سے سود کی رقم کو ختم کیا جائے، سکھر کے چھوٹے تاجروں کو بھی حکومتی ریلیف پیکج میں شامل کرکے امداد فراہم کی جائے،اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کیلئے سکھر چیمبر سے بھی لازمی مشاورت کی جائے تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے۔