پولیس نے ڈیجیٹل پے منٹ سروس کے ذریعے کی گئی 100 روپے کی ٹرانزیکشن سے 4کروڑ روپے کی ڈکیتی کے ملزم پکڑلیے

پولیس نے ڈیجیٹل پے منٹ سروس کے ذریعے کی گئی 100 روپے کی ٹرانزیکشن سے 4کروڑ روپے ...
پولیس نے ڈیجیٹل پے منٹ سروس کے ذریعے کی گئی 100 روپے کی ٹرانزیکشن سے 4کروڑ روپے کی ڈکیتی کے ملزم پکڑلیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں نئی دہلی پولیس نے ڈیجیٹل پے منٹ سروس ’پے ٹی ایم‘ (Paytm)کے ذریعے کی گئی 100روپے کی ٹرانزیکشن کے ذریعے 4کروڑ روپے کی ڈکیتی کے ملزمان گرفتار کر لیے۔ انڈیاٹائمز کے مطابق نئی دہلی میں دو کوریئرکمپنی ایگزیکٹوز کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔ یہ لوگ زیورات کی ایک کھیپ لیجا رہے تھے، جس کی مالیت چار کروڑ روپے تھی۔ پولیس کی وردی میں ملبوس 4ڈاکوﺅں نے ان کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں اور تمام زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
یہ واقعہ علی الصبح چار سے پانچ بجے کے درمیان نئی دہلی کے علاقے پہاڑ گنج میں پیش آیا تھا۔ پولیس اس ڈکیتی کے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے 200سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد پر تحقیق کرتی رہی جن میں ایک 100روپے کی پے ٹی ایم ٹرانزیکشن بھی شامل تھی۔
ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں چاروں ڈاکوﺅں کو کوریئر کمپنی کے آفس کے قریب واقع ایک ٹی سٹال پر کھڑے دیکھا گیا۔ انہوں نے وہاں چائے پی اور ان چاروں میں سے ایک نے ایک ٹیکسی کو روکا اور ٹیکسی ڈرائیور سے 100روپے مانگے جو اس نے پے ٹی ایم کے ذریعے اس ڈاکو کے اکاﺅنٹ میں منتقل کیے۔
جب پولیس نے اس ٹی سٹال کے مالک سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ ان چاروں لوگوں نے اس سے چائے پی تھی مگر ان کے پاس پیسے نہیں تھے۔ انہوں نے وہ پیسے ایک ٹیکسی ڈرائیور سے لیے جو غالباً ان کا واقف کار تھا۔ ٹیکسی ڈرائیور نے پے ٹی ایم کے ذریعے انہیں ادائیگی کی۔ 
پولیس نے ٹیکسی کا سراغ لگا کر اس کے ڈرائیور کو گرفتار کیا اور اس سے تفتیش کی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے ملزمان کو 100روپے کی ٹرانزیکشن کی تھی اور ملزمان نے بعد ازاں اسے پے ٹی ایم کے ذریعے ہی وہ سو روپے واپس بھی کیے تھے۔ پولیس نے پے ٹی ایم کمپنی کے ہیڈکوارٹرز سے رابطہ کرکے تمام تفصیلات حاصل کیں، جن میں معلوم ہوا کہ جس شخص نے ٹیکسی ڈرائیور سے 100روپے لیے تھے وہ نجف گڑھ کا رہائشی تھا۔ 
رپورٹ کے مطابق یہیں سے ایک سرا پولیس کے ہاتھ آ گیا اور اگلے چند گھنٹوں میں نجف گڑھ اور جے پور سے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کوریئر کمپنی کے دونوں ملازمین 2بیگز میں بھرے زیورات چندی گڑھ اور لدھیانہ لیجا رہے تھے تاہم ابھی وہ آفس سے نکل کر گاڑی کے پاس ہی پہنچے تھے کہ وہاں ڈاکو آ گئے اور انہیں لوٹ لیا۔