سیلاب زدگان کو امداد دینے پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، طاہر اشرفی

سیلاب زدگان کو امداد دینے پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، طاہر اشرفی
سیلاب زدگان کو امداد دینے پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں، طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیلاب زدگان کے سلسلہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور امداد پر متحدہ عرب امارات ، قطر ، سعودی عرب، ترکی ، چین اور برطانیہ کے تعاون پر شکر گزار ہیں ۔ فلسطین کے عوام کی طرف سے یوم یکجہتی پاکستان اور امداد کیلئے بھرپور کوششیں قابل تحسین ہیں، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے عالمی اداروں اور اہم شخصیات کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں ۔ سیلاب کے  نقصانات کا تنہا پاکستان مقابلہ نہیں کر سکتا ۔ افسوس ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت سیلاب کے بعد بھی متحد نہ ہو سکی ، افواج پاکستان ، مدارس و مساجد اور مذہبی تنظیموں کے کارکنان کی خدمات قابل فخر ہیں ، کسی جگہ پر کالعدم تنظیمیں چندہ نہیں جمع کر رہی ہیں، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عالمی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں ہے ، ہندوستان کو اس وقت الزام تراشی سے باز رہنا چاہیے ، پاکستان کے عوام کی مدد کرنے والے تمام ممالک اور افراد کے ممنون ہیں۔ جس طرح متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ، ترکی ، قطر ، چین نے پاکستان کے اس مشکل مرحلہ میں ساتھ دیا ہے وہ فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سیلاب کے بعد کی صورتحال میں سعودی عرب ، قطر ، متحدہ عرب امارات اور ترکی کی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ محبت اور اخوت کا رشتہ کتنا مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ کی طرف سے پاکستان کیلئے امداد کے اعلان کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں ۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عالمی دنیا کومل کر سوچنا ہو گا۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ سیلاب سے قبل کی جو صورتحال ہے اس پر ہمیں غور و فکر کرنا چاہیے۔

 ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ بلا شبہ سیلاب اللہ کریم کی طرف سے ایک آزمائش ہے لیکن اس کا سبب ہماری کوتاہیاں ہیں ، پاکستان میں ڈیم بننے چاہئیں ، دریا کے کناروں پر عمارتیں بنانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ اس بات کی بھی تحقیق ہونی چاہیے کہ آخر سڑکیں ، پل اتنے کمزور کیوں بنائے گئے ۔

مزید :

قومی -