انگلش ٹیم کو دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کرنا ہدف ہے،پیٹر مورز

انگلش ٹیم کو دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کرنا ہدف ہے،پیٹر مورز

لندن ( نیٹ نیوز) انگلش ٹیم کے کوچ پیٹر مورز نے کہا ہے کہ کیون پیٹرسن ٹیم میں شامل نہیں اور نہ ہی انگلش ریڈار پر ہیں اسلئے تمام تر توجہ دورہ ویسٹ انڈیز پر مرکوز ہے اور خواہش ہے کہ ٹیم سیریز جیت کر وطن لوٹے۔ انگلینڈ کی ٹیم دورے کے دوران کالی آندھی کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ 34 سالہ پیٹرسن کو ملک کی طرف سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے اور انہیں گزشتہ برس ٹیم کی ایشز سیریز میں بدترین کارکردگی کے بعد ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ پیٹرسن نے ٹیم میں واپسی کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے سرے سے معاہدہ کر لیا ہے۔ 2009ء میں جب مورز انگلش ٹیم کے کوچ تھے تو اس وقت ان کے پیٹرسن سے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور اس کے بعد مورز کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا جبکہ پیٹرسن ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو گئے تھے۔ مورز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر توجہ دورہ ویسٹ انڈیز پر ہے پیٹرسن پر نہیں، خواہش ہے کہ ٹیم کالی آندھی کو شکست دے کر سیریز جیت کر واپس وطن لوٹے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور میزبان ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم ہدف کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا کام کک الیون کو سپورٹ کرنا اور ٹیم کو دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی