بلا سود قرضے
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنا روزگار سکیم کے لئے مزید پانچ ارب روپے مختص کرکے ضرورت مند حضرات کو بلا سود قرضے جاری کرنے کا سلسلہ پھر سے شروع کر دیا، ایک بڑی تقریب میں ان لوگوں کو چیک دیئے جن کے لئے قرضے منظور ہو چکے تھے ۔وزیراعلیٰ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اب تک پانچ لاکھ افراد کو بلا سود قرض دیا گیا جس سے انہوں نے اپنی روزی خود کمانے کا سلسلہ شروع کیا اور وہ خود کفیل ہو گئے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق جہاں تک ان قرضوں کی واپسی کا تعلق ہے تو یہ شرح سوفیصد ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ سکیم بہت مفید ہے جو رواں بجٹ سال سے شروع کی گئی یہ امر خوش آئند ہے کہ پانچ لاکھ افراد کو قرض دیئے گئے اور انہوں نے واپس بھی کئے ، وزیراعلیٰ کا یہ اقدام بہت اچھا ہے جس کی تعریف بھی کی گئی اور توقع ظاہر کی گئی کہ مستفید ہونے والے قانون اور ضابطوں کا خیال رکھیں گے اور جس طرح اب تک بروقت واپسی یقینی بنائی گئی آئندہ بھی ایسا ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا یہ اقدام بھی مستحسن ہے۔