ورلڈ کپ،پاکستان کیخلاف کوارٹر فائنل اننگز کبھی نہیں بھول سکتا،واٹسن

ورلڈ کپ،پاکستان کیخلاف کوارٹر فائنل اننگز کبھی نہیں بھول سکتا،واٹسن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

احمد آباد ( نیٹ نیوز) آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں پاکستان کے خلاف 64 رنز میرے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی یادگار اننگز ہے، وہاب ریاض کے تیز ترین باؤلنگ اسپیل کے باوجود وکٹ بچانا خوش قسمتی تھی۔ واٹسن جو کہ میگا ایونٹ میں آؤٹ آف فارم دکھائی دے رہے تھے لیکن انہوں نے گرین شرٹس کے خلاف کوارٹر فائنل میں مشکل وقت میں 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے تیز ترین باؤلنگ اسپیل کرا کر واٹسن کو سخت پریشان کیا لیکن وہ وکٹ بچانے میں کامیاب رہے تھے۔ واٹسن نے اپنے بیان میں کہا کہ پانچویں بار عالمی ٹائٹل جیتنا ٹیم کی بڑی فتح ہے اور یقیناً یہ میرے لئے یادگار لمحہ ہے میں اسے کبھی فراموش نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف کوارٹر فائنل میں ناقابل شکست 64 رنز میرے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی سب سے خاص اننگز تھی، میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہی تجربہ مستقبل میں میرے لئے مفید ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں مکمل فٹ ہوں اور بھرپور انداز میں آئی پی ایل میں پرفارم کرنے کیلئے تیار ہوں۔