پی ٹی آئی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی،اعجاز چودھری

پی ٹی آئی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی،اعجاز ...

 لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف صوبے بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حصہ لے کر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، نچلی سطح پر انتخابات صحیح معنوں میں جمہوریت کی نرسری ہیں، ان انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواران نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، عہدیداران اور کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ ان انتخابات میں پارٹی پلیٹ فارم پر بلے کے نشان پر الیکشن لڑنے والے امیدواران کی کامیابی میں دن رات ایک کردیں ،نچلی سطح پر ہونے والے انتخابات میں نئی قیادت ابھر کر سامنے آئے گی اور جتنی نچلی سطح پر بنیاد مضبوط ہوگی تو پھر پی ٹی آئی کو نیا پاکستان بنانے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی حیران کن نتائج دے گی جو کہ تمام جماعتوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہوں گے ، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کو اپنی سیاسی اوکات کا بھی اندازہ ہو جائے گا، پاکستان کے باشعور عوا م کی نظریں عمران خان پر لگی ہوئی ہیں، انہوں نے کہاکہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں نے پنجاب کے عوام کو مقامی حکومتوں سے محروم رکھا اور پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کروانے کے لئے بھرپور عدالتی جدوجہد کی اور انشاء اللہ نچلی سطح پر ہونے والے انتخابات سے پی ٹی آئی کی مضبوطی اور طاقت میں اور اضافہ ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1