ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام دشمنی ہے،میاں مقصود

ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام دشمنی ہے،میاں مقصود

 لاہور(نمائندہ خصوصی ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہونے کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام دشمنی ہے۔ ان خیالات کا اظہارگذشتہ روز انھوں نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام پر پٹرول بم پھینک کران کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ حکمران عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا۔ لہذا اس اضافہ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے ضروریات زندگی خصوصاً اشیائے صرف کی قیمتیں بری طرح متاثر ہوں گی ۔ہمارے ملک میں قیمتوں کے کنٹرول کرنے والے اداروں کی نااہلی کی وجہ سے گراں فروش روز مرہ استعمال کی ہرچیز کی قیمت میں اضافہ کردیتے ہیں۔ اگر کبھی قیمتیں کم ہوں تو اشیاء ضروریہ کے نرخ کم کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے پہلے ہی عوام کی کمرتوڑ رکھی ہے۔ خاص کر غریب طبقہ جو ملکی آبادی کے دوتہائی نفوس پر مشتمل ہے بمشکل اپنی زندگی کے دن پورے کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نام پر عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والے سرکاری ادارے الٹا عوام ہی کا استحصال کررہے ہیں۔ ہماری افسر شاہی بڑی آسانی کے ساتھ اپنی نااہلی ،بدعنوانی اور بدانتظامی کاوبال غریب عوام پر ڈال کر آرام سے بیٹھ جاتی ہے۔ بجلی اور گیس کی چوری روکنے کی بجائے الٹا چوری کی رقم بلوں میں شامل کر دی جاتی ہے، یہ رقم شہریوں کی جیبوں سے نکالنا سرکاری ظلم وزیادتی کی بدترین مثال ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1