حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، مولانا عبدالمالک مجاہد

حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، مولانا عبدالمالک مجاہد

لاہور(جنرل رپورٹر) حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ حرمین کے تحفظ کے سلسلہ میں اگر کوئی کوتاہی ہوئی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ سعودی حکمرانوں کی حرمین شریفین کے تحفظ وخدمت و تعمیر و توسیع کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ مدد و تعاون کے لیے حکومت پاکستان کے فیصلے کی ہم تائید و توثیق کرتے ہیں۔ مساجد کی تعمیر و آباد کاری جنت میں داخلے کی ضمانت ہے۔ دارالسلام کا کسی تشدد پسند یا فرقہ پرست گروہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار دارالسلام کے منیجنگ ڈائریکٹر مولانا عبدالمالک مجاہد نے دارالسلام ریسرچ سینٹر لوئر مال کی خوبصورت اور نو تعمیر شدہ مسجد میں افتتاحی خطبہ جمعۃ المبارک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ اور مساجد کی تعمیر بہت ہی عزت و عظمت کا کام ہے۔ حرمین کی توسیع کے لیے سعودی حکمرانوں کی تاریخی خدمات ہیں۔ جنھوں نے اپنی مملکت کے سارے وسائل اس عظیم کام کے لیے وقف کر رکھے ہیں۔ اس وقت ایک سازش کے تحت سعودی عرب کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ شام، بحرین اور اب یمن کا بحران اس سلسلہ کی کڑی ہے جس کا مقصد سعودی عرب کو عدم و استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حوثی قبائل کو پاکستان کے ایک پڑوسی ملک کی مالی اور عسکری مدد حاصل ہے۔ ہمارے اسی پڑوسی ملک نے پہلے شام اور بحرین میں بحران پیدا کیا اور اب یمن میں حالات کو خراب کیا جا رہا ہے۔ ان حالات میں عالم اسلام کی نگاہیں پاکستان پر جمی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ برادرانہ تعلقات رہے ہیں اور ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اس لیے اب پاکستان کا بھی فرض ہے کہ وہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہو۔ انھوں نے کہا آج فتنوں کا دور ہے۔ فتنوں کا مقابلہ صرف ایمان کے ہتھیار سے ہی کیا جا سکتا ہے جبکہ ایمان کی آبیاری مساجد میں ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دارالسلام دینی کتابوں کی طباعت و اشاعت کے ساتھ مساجد کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ دارالسلام دنیا میں غلبہ اسلام کی ایک عالمی تحریک اور اس کی کتابوں میں اتحاد امت کا سبق ہے۔ ہماری کتابیں ہر قسم کی فرقہ واریت سے پاک اور ہمارا کسی بھی تشدد پسند گروہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دارالسلام کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس موقع پر ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا کہ جو نیکی کے کاموں اور مساجد کی تعمیر میں پیش پیش رہتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4