شہری کی بچی کی بازیابی کیلئے درخواست، ماں بھی انصاف کیلئے عدالت پہنچ گئی

شہری کی بچی کی بازیابی کیلئے درخواست، ماں بھی انصاف کیلئے عدالت پہنچ گئی

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید کی عدالت میں شہری نے 8سالہ بچی کی بازیابی کی درخواست دائر کردی جبکہ بچی کی ماں بھی عدالت پہنچ گئی جس کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کابچی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ اس بچی کا باپ ہے ۔عدالت نے آئندہ سماعت 6اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت میں درخواست گزار محمد یونس نامی شخص نے اقراء نامی لڑکی کا اپنی بیٹی ہونے کا دعوی کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے عظمی نامی خاتون نے زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ بچی اس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا جائے ، اس موقع پر مذکورہ بچی کی ماں عظمی 8سالہ اقراء اور اپنے وکیل عمران عزیز قریشی کے ہمراہ عدالت پہنچ گئی جہاں اس نے مؤقف اختیار کیا کہ اس اقراء اس کی بیٹی ہے اور اس کے والد کا نام عبدالرحمن ہے ،عدالت نے سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4