یمن سے 176پاکستانی جبوتی کے راستے واپس پہنچ گئے ،ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

یمن سے 176پاکستانی جبوتی کے راستے واپس پہنچ گئے ،ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن ، اے این این ) یمن میں محصور176پاکستانی جبوتی کے راستے پاکستان پہنچ گئے،ان محصورین کو قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا،ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال،مسافر سرزمین وطن پر پاؤں رکھتے ہیں سجدہ ریز ہو گئے،پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے،اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،بروقت اقدمات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو افریقی ملک جبوتی سے یمن میں محصو ر 176پاکستانیوں کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 7003 کے ذریعے جبوتی سے اسلام آباد لایا گیا۔ان پاکستانیوں کو چینی بحری جہاز کے ذریعے یمن کے ساحلی شہر عدن سے افریقی ملک جبوتی لایا گیا تھا۔پاکستانیوں کی واپسی کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی پرواز جبوتی بھیجی گئی تھی۔وطن واپسی پر بے نظیر ایئر پورٹ پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اعظم کے مشیر برائے شہری ہوابازی کیپٹن(ر) شجاعت عظیم نے واپس آنے والے مسافروں کا استقبال کیا۔اس موقع پر ایئر پورٹ پر محصورین کے عزیز اقارب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ،مسافر جب جہاز سے باہر آئے تو پاکستانی پرچم تھامے ہوئے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے،سرزمین وطن پر قدم رکھتے ہی کئی مسافر اللہ کے ہان سجدہ ریز ہو گئے اور بحفاظت وطن واپسی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خواجہ محمد آصف اور شجاعت عظیم نے مسافروں کو گلدستے پیش کئے جبکہ مسافروں اور ان کے اہلخانہ میں خوشی کی لہر دو ڑ گئی ، لواحقین نے اپنے پیاروں کو پھولوں کے ہار پہنا ئے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔ مشکل اور مصیبت سے نکل کر وطن واپس پہنچنے والوں کو دیکھ کر لوگوں کی آنکھیں بھیگ گئیں ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن سے زیادہ پاکستانیوں کو نکا ل لیا گیا ہے ، ہمیں امید ہے کہ اگلے دو دنوں میں محصور پاکستانیوں کو واپس لے آئیں گے ، حدیدہ سے کچھ پاکستانی کاغذات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے واپس نہ آ سکے ، مکلا اور صنعا میں 100سے زائد پاکستانی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعا پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہوا تو دفتر خارجہ نے پاکستانیوں کو آگاہ کیا تھا ، اگر صنعا ایئر پورٹ آپریشنل ہو تو صنعا میں پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لایا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ سعودی وزیر دفاع سے صنعا میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کی درخواست کی ،یمن میں صرف حدیدہ ایئر پورٹ کام کررہا ہے لیکن اس کی حالت بھی مخدوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں ، لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال سے انہیں آگاہ رکھا جا رہا ہے ، میں پی آئی اے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مشکل حالات میں بہت بڑی خدمت سرانجام دی ہے ، اور محصور پاکستانیوں کا انخلاء ممکن بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کیا جائے گا ، مسئلے کے پر امن حل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے ، یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ، پاکستان مسلمان ملکوں کی مدد سے یمن کی صورتحال کا تصفیہ چاہتا ہے ۔مشیر ہوابازی شجاعت عظم نے کہا کہ پاکستانیوں کو لانے کے لئے پی آئی اے کے مزید جہازتیار ہیں ، صرف این او سی کی ضرورت ہے ۔ محصور پاکستانیوں نے کہا ہے کہ یمن میں شدید بمباری ہوتی تھی،فائر نگ کی آوازیں آتی تھیں ، ہمارا باہر نکلنا مشکل تھا بہت زیادہ مسائل تھے ،ہم وزیر اعظم نواز شریف اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے یمن سے پاکستان واپس لانے کے لئے انتظام کیا ، ہماری دعا ہے جو پاکستانی ابھی یمن میں ہیں وہ بھی جلد وطن واپس آئیں ۔واضح رہے کہ یمن کی کشیدہ صورت حال کے باعث وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر محصور پاکستانیوں کی واپسی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور چند روز قبل بھی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 502 شہریوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔

مزید : صفحہ اول