ووٹ کی طاقت ایٹم بم سے کم نہیں ،عوام کرپٹ سیاستدانوں کیخلاف استعمال کریں ،سراج الحق

ووٹ کی طاقت ایٹم بم سے کم نہیں ،عوام کرپٹ سیاستدانوں کیخلاف استعمال کریں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (پ ر)جماعت اسلامی نے رابطہ عوام مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گوندلاں والا چوک گوجرانوالہ میں ممبر سازی مہم کا افتتاح کیا۔ گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام کو اللہ تعالیٰ نے ووٹ کی صورت میں بہت بڑی قوت دی ہے ،ان کی یہ طاقت ایٹم بم سے کم نہیں ،انہیں یہ ایٹم بم ان کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف استعمال کرنا چاہئے جنہوں نے ان کو تمام خوشیوں سے محروم کررکھا ہے۔ عوام سانپوں کو دودھ پلا کر اژدھا بناتے ہیں اور جب وہ ڈس لیتا ہے تو پھر چیختے چلاتے ہیں مگر اس وقت تک سانپ کا زہر ان کے جسم میں سراعت کرچکا ہوتا ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ حافظ بلال قدرت بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہا کہ جب عوام جانتے ہیں کہ ان پر حکمرانی کرنے والے جاگیردار اور سرمایہ دار ظالم ہیں تو ان کو ووٹ دیکر اپنی گردنوں پر کیوں سوار کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہی ظالم ٹولہ ہے جنہوں نے اپنی کرپشن اورلوٹ مار کو چھپانے کیلئے مختلف سیاسی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ ان پارٹیوں کو اپنے مورچے اورڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یہ ظالم سب ایک ہیں خواہ وہ پنجاب سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ہوں یا اسلام آباد کے ہوں،انہوں نے کہا کہ یہی ظالم ٹولہ ہے جس نے قوم کے مستقبل کو تاریک کررکھا ہے نہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب پر حملہ کو پاکستان پر حملہ سمجھتے ہیں ،ہر مسلمان حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنا سر دینا اور خون بہانا سعادت سمجھتا ہے ۔جوڈیشل کمیشن کے بارے ایک سوال پر سراج الحق نے کہا کہ حکومت جلد از جلد جوڈیشل کمیشن قائم کرے اور پی ٹی آئی اسمبلیوں میں آجائے ۔کراچی کے ضمنی الیکشن رینجرز کی نگرانی میں کروانے کے بارے میں سراج الحق نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرواناحکومت کی ذمہ داری ہے ،اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن وہ تمام اقدامات کرنے کا پابند ہے جو شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہوں ۔

مزید :

صفحہ اول -