ہائیکورٹ کا بادامی باغ سبزی منڈی کی منتقلی کیخلاف درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بادامی باغ سبزی منڈی کی منتقلی کے خلاف مختلف درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیدیا۔ مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے آڑھتی عامر مقصود کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل احمد رؤف نے موقف اختیار کیا کہ بادامی باغ سبزی منڈی سال انیس سو سڑسٹھ سے قائم ہے اور اس منڈی کو انتظامی طور پر دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جا سکتا، ایڈمنسٹریٹر کی سفارشات پر سبزی منڈی کو لکھو ڈیر منتقل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی موجودگی میں حکومت ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے اس نوعیت کے اقدامات نہیں اٹھا سکتی کیونکہ ایڈمنسٹریٹرز سرکاری ملازم ہوتے ہیں ، پنجاب حکومت نے مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کر کے تمام اختیارات ایڈمنسٹریٹرز کو تفویض کر دیئے ہیں جو کہ آئین کے آرٹیکل 140(اے )کی خلاف ورزی ہے لہٰذا بادامی باغ سبزی منڈی کو لکھوڈیر منتقل کرنے کے اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا جائے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی مزید دو درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء ہیں دیگر زیر التواء درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی جائے، عدالت نے بادامی باغ سبزی منڈی کی منتقلی کے خلاف مختلف درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیدیا ۔
سبزی منڈی