ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب سے جواب طلب

ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب سے جواب طلب

 لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب سے7اپریل تک جواب طلب کر لیا ،عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص کو 90سے زائد دنوں تک نظر بند رکھا جائے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک انسان کی آزادی کا معاملہ ہے آج پنجاب میں 90روز پورے ہو جائیں گے تو کیا پشاور میں نظر بندی کے احکامات جاری کر دیں گے، مسٹر جسٹس انوار الحق نے ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے ذکی الرحمن لکھوی کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، اس سے قبل ممبئی حملوں کے الزام پر پاکستان میں مقدمہ درج ہے جس میں درخواست گزار کی ضمانت منظور ہو چکی ہے،ضمانت منظوری کے بعد وفاقی حکومت نے دو مرتبہ غیر قانونی طور پر درخواست گزار کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے جن کو اسلام آباد ہائیکورٹ کالعدم قرار دے کر ذکی الرحمن کو رہا کرنے کا حکم دے چکی ہے تا ہم حکومت نے مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے اب محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے نظر بندی کے احکامات جاری کر کے اڈیالہ جیل میں قید رکھا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق کسی بھی شہری کو نوے روز سے زائد نظر بند نہیں کیا جا سکتا تا ہم وفاقی حکومت نے 18دسمبر سال 2014 سے ذکی الرحمن لکھوی کو اڈیالہ جیل میں نظر بند رکھا ہوا ہے، 90دن پورے ہونے کے بعد درخواست گزار کی نظر بندی پر ریویو بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے مگر درخواست گزار کو بورڈ میں پیش نہیں کیا جا رہا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کی نظر بندی کے احکامات کالعدم کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا جائے، عدالتی استفسار پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر بتایا کہ درخواست گزار کی نظر بندی کے احکامات محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں تاہم ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی کے نوے روز پورے ہونے کے معاملہ پر محکمہ سے ہدایات لینے کے لئے مہلت دی جائے، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص کو نوے زائد دنوں تک نظر بند رکھا جائے ، ایک انسان کی آزادی کا معاملہ ہے آج پنجاب میں 90روز پورے ہو جائیں گے تو کیا پشاور میں نظر بندی کے احکامات جاری کر دیں گے، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی ذکی الرحمن لکھوی کو آئندہ تاریخ سماعت پر طلب کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ معاملے کی حساسیت کو دیکھیں، سکیورٹی صورتحال کے باعث درخواست گزار کو طلب نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب سے 7اپریل تک تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

مزید : صفحہ آخر