سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے،چودھری شجاعت ،پرویزالٰہی
لاہور،کراچی (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما وسابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی صدر سندھ حلیم عادل شیخ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے حلیم عادل شیخ کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ محب وطن جماعت ہے جو قائداعظمؒ کے منشور کو لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور انشاء اللہ نمایاں کامیابی حاصل کرے گی جبکہ کراچی سے کشمور تک پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سندھ میں محب وطن لوگوں کو مسلم لیگ کی صفوں میں آگے آنا چاہئے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی باصلاحیت قیادت میں عوامی و قومی مسائل پر مثبت لائحہ عمل کے باعث آگے بڑھ رہے ہیں اور سندھ میں پاکستان مسلم لیگ دن بدن مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو میں باصلاحیت لوگ آگے آئیں جس سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔