حرمین شریفین اور سعودی عرب کا دفاع عالم اسلام کی ذمہ داری ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

حرمین شریفین اور سعودی عرب کا دفاع عالم اسلام کی ذمہ داری ہے، حافظ محمد طاہر ...

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ’’یوم یکجہتی سعودی عرب ‘‘منایاگیا ۔وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)سے منسلک ملک بھر کی 74 ہزار 6سو سے زائد مساجد میں پاکستان سعودی عرب دوستی پر اجتماعات منعقد کئے گئے اور سعودی عرب اور حرمین شریفین کے دفاع اور استحکام کیلئے قراردادیں منظور کی گئیں۔ جبکہ لاہور،کراچی،اسلام آباد، کوئٹہ، مردان، فیصل آباد،ملتان،رحیم یارخان،ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ، بھکر، خوشاب، خانپور، گوجرہ سمیت ملک بھر میں جمعہ کے بعد سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہر ے کئے گئے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کا دفاع عالم اسلام کی ذمہ داری ہے۔حجاز مقدس اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام سے کھیلنے کی کوشش کی گئی تو پورا عالم اسلام متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ 10اپریل کو یمن اور سعودی عرب کی صورتحال پر مختلف مسالک و مذاہب اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے فیصل آباد میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کیلئے ہونے والے مظاہرہ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوثی باغیوں کو حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ حجاز مقدس اور سعودی کی سلامتی اور دفاع کیلئے متحد ہے۔علامہ ایوب صفدر نے گوجرانوالہ ،پیر نعیم اللہ فاروقی نے لاہور ،پاکستان علماء کونسل بلوچستان کے صدر مفتی وحید احمد ،کراچی میں سندھ کے صدر مولانا طارق محمود مدنی اور دیگر نے بھی اجتماعات سے خطاب کیا ۔

مزید : صفحہ آخر