پنجاب اسمبلی: سرکاری افسر اجلاس کیلئے وقت نکالیں گے تو قیامت نہیں آجائے گی، قائم مقام سپیکر

پنجاب اسمبلی: سرکاری افسر اجلاس کیلئے وقت نکالیں گے تو قیامت نہیں آجائے گی، ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں سیکرٹری داخلہ اور وزیر داخلہ کی ایوان میں عدم موجودگی کے باعث قائمقام سپیکر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے متعلق وقفہ سوالات کو آئندہ منگل تک موخر کرتے ہوئے رولنگ دی کہ اجلاس کے دوران جس محکمہ کے بارے میں وقفہ سوالات ہوں اور متعلقہ محکمہ کا سیکرٹری ایوان میں موجود نہ ہواتو سوالات موخر کردئیے جائیں گے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گذشتہ روز مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ15منٹ کی تاخیر سے قائم مقام سپیکر سردارشیر علی گورچانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔ اجلاس کے آغاز پر ہی حکومتی رکن اسمبلی عائشہ جاوید نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ محکمہ داخلہ کے بارے میں آج وقفہ سوالات ہے اور محکمہ کا سیکرٹری بھی موجود نہیں ،جس پر سپیکر نے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران سے پوچھا کہ کیا کرنا ہے توملک ندیم کامران نے کہا کہ مجھے خود افسوس ہے کہ وہ تشریف نہیں لائے جبکہ تین روز سے اس محکمہ کے بارے میں زیر بحث آنے والے سوالات کو پڑھ رہا ہوں لیکن جوابات پرمطمئن نہیں ،جس پر قائم مقام سپیکر نے کہا کہ اس ایوان سے زیادہ کوئی چیز مقدس نہیں ہے جبکہ بیوروکریسی نے ہاؤس کو مذاق بنا رکھا ہے اگروہ ایک گھنٹہ اسمبلی کے لئے نکا لیں گے تو کوئی قیامت نہیں آ جائے گی لہٰذا اس صورتحال کووزیر اعلیٰ کے نوٹس میں بھی ضرور لاؤں گا۔اب محکمہ داخلہ کے سوالات منگل کو ایوان میں پیش کئے جائیں اور سیکرٹری داخلہ بھی اس روز حاضر ہوں۔بعد ازاں نکتہ اعتراض پر رکن اسمبلی میاں طاہر نے کہا کہ فیصل آباد شہر میں ٹارگٹ کلر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس سلسلہ میں میں نے وزیر دخلہ سے متعدد بار ملنے کی کوشش کی لیکن نہیں مل سکا، گذشتہ دنوں پولیس نے کچھ ٹارگٹ کلر پکڑ ے بھی ہیں لیکن انہیں سیاسی اثر رسوخ کی وجہ سے رہا کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اب تک فیصل آباد میں 26لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے ، میری درخواست ہے اس طرف خصوصی توجہ دی جائے۔پنجاب اسمبلی کے371کے ایوان میں سے صرف41 ممبران کے ساتھ اسمبلی کا اجلاس چلتا رہا۔اجلاس کے آخر میں جب صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ پر بحث کو سمیٹنے کیلئے تقریر شروع کرنے کی کوشش کی توآزاد رکن احسن ریاض فتیانہ کی طرف سے کورم کی نشاندہی کردی گئی 5منٹ تک گھنٹیاں بھی بجائی گئیں لیکن کورم پورا نہ ہوا جس پر قائمقام سپیکر نے اجلاس پیر مورخہ6اپریل دوپہر 2بجے تک ملتوی کردیا۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...