طالب علم کا قاتل سابق وزیر کا بیٹا مصطفی کانجو 5 ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

طالب علم کا قاتل سابق وزیر کا بیٹا مصطفی کانجو 5 ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر پولیس ...

لاہور(نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج رائے ایواب خان مارتھ نے موٹرسائیکل سوارنویں جماعت کے طالبعلم زین علی کے قتل میں ملوث سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے مصطفی کانجو سمیت 5ملزمان کو 8روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ اس کیس کی مزید سماعت 11اپریل کو ہوگی ۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں گزشتہ روز پولیس نے سخت سیکیورٹی میں طالب علم زین کے قتل میں ملوث نامزد مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو سمیت دیگر 4ملزمان صادق، اکرام ،آصف اور سعید کوپیش کیااورعدالت سے ملزمان سے تفتیش اور اسلحہ برآمد کرنے کے لئے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاکی جبکہ مصطفی کانجو نے عدالت سے درخواست کی کہ اس نے اپنے مخالفین سے جان بچانے کے لئے فائرنگ کی اور جاں بحق ہونے والا زین علی اس کی فائرنگ کی وجہ سے ہلاک نہیں ہوا،ملزم مصطفی کانجو کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ یہ قتل کا کیس نہیں ہے اسے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی بجائے سیشن عدالت میں منتقل کیا جائے۔فاضل جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مذکورہ ملزمان کو 8روز جسمانی ریماند پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے مصطفی کانجو پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر نشے میں دھت اپنی دوست سحر کے ہمراہ کیولری گراؤنڈ کے قریب جارہا تھا جبکہ اس کے ہمراہ دوسرے گاڑی میں اس کے دیگرساتھی(گارڈز) صادق ، اکرام ،آصف اور سعد بھی تھے کہ اسی اثناء میں اس کی گاڑی کی ٹکر ایک خاتون کار سوار سے ہوگئی جس پر مصطفی کانجو طیش میں آگیا اور اس سمیت اس کے دیگر ساتھی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار زین علی جاں بحق ہو گیاجبکہ حسنین نامی نوجوان گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوگیا جس کے بعدتھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے مقتول زین کے ما مو ں کی مد عیت میں مذکورہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کی دفعات سمیت قتل کا مقدمہ نمبر302/15درج کررکھا ہے ۔یاد رہے کہ 1999ء میں ملزم مصطفی کانجو نے اس وقت کے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خواجہ شریف کے بیٹے کو بھی ڈیفنس کے علاقہ میں معمولی تلخ کلامی پر زخمی کردیا تھا ۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...