خیبر پی کے میں بچپن کی تعلیم پر چھ ہزار اساتذہ کی تربیت مکمل

خیبر پی کے میں بچپن کی تعلیم پر چھ ہزار اساتذہ کی تربیت مکمل

لاہور(پ ر)خیبر پختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ابتدائی عمر میں بچوں کی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ ’’ارلی چائلڈ ہُڈ ڈیویلپمنٹ کانفرنس‘‘ میں کیے گئے اپنے عزم پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہے۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 2300 پرائمری اسکولوں کے 3000 اساتذہ اور 3000 ہیڈ ٹیچرز کیلئے بچپن کی تعلیم کے فروغ اور ترقی پر تربیت کا اہتمام کیا ہے اس ضمن میں پروونشل انسٹیٹیوٹ فار ٹیچر ایجوکیشن (PITE) پشاور میں تربیت کا ایک جامع سیشن مکمل ہو چکا ہے۔ تمام اساتذہ کیلئے تربیت کے یہ سیشن بچپن کی ابتدائی تعلیم کے قومی نصاب کے مطابق فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ ہر کلاس بالخصوص ’’کچی جماعت‘‘ کے بچوں کی تدریس کر سکیں۔ گذشتہ سال بھی اتنی ہی تعداد میں اساتذہ کوتربیت فراہم کی گئی تھی۔ مزید برآں بچپن کی ابتدائی تعلیم کیلئے خصوصی کمرہ ہائے جماعت تعمیر کیے جائیں گے جہاں بچوں کو مفت تعلیمی مواد اور وسائل بشمول ’تعلیمی بستہ‘ فراہم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ کمرہ جماعت میں تھیم کی بنیاد پر عملی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے انگریزی، ریاضی اور سائنس کے مختلف لائبریری کارنر بھی تشکیل دئیے جائیں گے۔ ان پرائمری اساتذہ کی تربیت کی بدولت خیبر پختونخوا میں اساتذہ کی تدریسی مہارتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گا اور وہ احسن طریقے سے اپنے تدریسی فرائض انجام دے سکیں گے۔

اس طرح کی اصلاحات سے نہ صرف تعلیمی میدان میں ترقی ہو گی بلکی اسکولوں میں تعلیم و تدریس کا معیار بھی بلند تر ہو گا۔ چونکہ ابتدائی سطح کی تعلیم اعلیٰ تر سطح پر تعلیم کی بنیاد بنتی ہے اسلئے ان اقدامات کی بدولت بچوں کو ایک مکمل بنیاد فراہم کرنے میں مدد و معاونت حاصل ہو گی۔ یہ سہولیات کسی بھی اعلیٰ معیار کے پرائیویٹ سکول میں فراہم کردہ سہولیات سے کم نہیں ہیں اور یہ سہولیات اب پورے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور بچوں کو حاصل ہیں۔

مزید : کامرس


loading...