ٹی 20رینکنگ ، بابراور شاداب نے ٹیم کو چوتھی پوزیشن دلادی

ٹی 20رینکنگ ، بابراور شاداب نے ٹیم کو چوتھی پوزیشن دلادی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دینے کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی اور ویسٹ انڈیز دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے ۔آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 2 درجہ ترقی پا کر چوتھی پوزیشن سنبھال لی۔بلے باز بابر اعظم اور باؤلر شاداب خان بھی کارکردگی کے حوالے سے سر فہرست رہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ انہوں نے چار ٹی ٹونٹی میچز میں 34.25 کی اوسط سے 137رنز بنائے جبکہ نوجوان سپن باؤلر شاداب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار میچز میں 75 رنز دے کر 10کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،حسن علی نے چار میچز میں چار وکٹیں لیں۔تمام کھلاڑیوں کی باہمی کاوشوں کی بدولت پاکستانی ٹیم کو سیریز میں کامیابی ملی۔ اس سے قبل چوتھی پوزیشن پر شکست کھانے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم براجمان تھی۔ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر 127 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کی ٹیم سرفہرست ہے جب کہ بھارت دوسرے اور جنوبی افریقا کی ٹیم تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ دیگر ٹیموں میں انگلینڈ پانچویں، ویسٹ انڈیز چھٹی، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلادیش دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...