سعودی عرب ، امریکہ اور جنرل کیانی نے مل کر نواز شریف کو جتوایا : تحریک انٖصاف ، سابق آرمی چیف کو متنازعہ بنانا افسوسناک ہے : مسلم لیگ (ن)

سعودی عرب ، امریکہ اور جنرل کیانی نے مل کر نواز شریف کو جتوایا : تحریک انٖصاف ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ جنرل کیانی کا جھکاؤ نوازشریف کی طرف تھا،بینظیر،نوازشریف سے تعلقات استوارکرنے کیلئے مشرف نے کیانی کواستعمال کیا۔ 2013 کے انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا،جنرل کیانی کوچیلنج کرتا ہوں اپنے اوپرعائد الزامات کی تردید کریں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ 1970کے علاوہ پاکستان کا کوئی بھی انتخاب صاف اورشفاف نہیں ہو ا۔ 2013 کے انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا،جانتے تھے سعودی عرب،امریکہ اورجنرل کیانی نے مل کراسکیم تیارکی ہے۔ سعودی عرب،امریکا اورکیانی نیاسکیم کے تحت نوازشریف کوجتوایا۔ اسی سکیم کے باعث ہمیں بے شمارسیٹوں سے محروم ہونا پڑا، کیانی نے مشرف کے لیے اہم رول ادا کیا، ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ جنرل کیانی کا جھکاؤ نوازشریف کی طرف تھا۔ انتخابات میں آراوزپرپریشرڈال کرنوازشریف کوجتوایا گیا، امریکا،سعودی عرب اورصاحب اقتداربات کرتے ہیں توسرہلانا ہی کافی ہوتاہے۔تحریک انصاف کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی فوج میں مقبول تھے۔ جنرل پاشا کی ہمیں کوئی حمایت نہیں تھی۔ بتائیں جنرل پاشا نے ہمیں کیسے سپورٹ کیا؟۔ہمیں کوئی ثبوت دینے کی ضرورت نہیں،قوم بے شمارحقائق کوجانتی ہے۔ واقعات حقیقت کی طرف نشاندہی کریں تودیکھنے،پڑھنے والوں کونتیجہ اخذکرنا چاہیے۔ جب ہماری حکومت آئے گی،توکمیشن بناکر2013 انتخابات کی تحقیقات ہوگی۔

تحریک انصاف

اسلام آباد ( ما نیٹر نگ ڈیسک،اے پی پی) وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے نعیم الحق سے متنازعہ بیان پر معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے جنرل کیانی کو متنازعہ بنانا افسوسناک ہے،ہمیں اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرمملکت کا نعیم الحق کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نعیم الحق سمیت ان کی پوری جماعت غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتی ہے یہی نہیں پی ٹی آئی کی عادت ہے کہ آئینی اداروں پرالزامات لگاتی ہے،جوعہدے پرہوتا ہے یہ لوگ اس کی تعریف اورجونہیں ہوتا اس کی تضحیک کرتے ہیں۔انہوں نے لگے ہاتھ تحریک انصاف کے چیئرمین کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ سیاست عمران خان کے بس کی بات نہیں،کام ان سے ہوتا نہیں اور جب سوال کیا جاتا ہے تو خان صاحب رونا شروع کردیتے ہیں، اگرکوئی ثبوت تھا توعدالتی کمیشن میں پیش کیوں نہیں کیا؟ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب نے آج پھر ہمیشہ کی طرح اپنی چوری کی تلاشی دینے سے انکار کیا ہے، عمارات خان صاحب آپ سڑکوں پر جتنا شور مچائیں، جتنا روئیں، اپنی چوری اور کرپشن چھپائیں لیکن آخر کار جواب اور حساب تو دینا ہی ہوگا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آج پھر ہمیشہ کی طرح اپنی چوری کی تلاشی دینے سے انکار کیا، عمران خان نے اپنی چوری کو چھپانے کے لئے اپنی عادت سے مجبور الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلینج کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے؟ عمران خان آپ پی ٹی آئی کے نام غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی فارن فنڈنگ کی رقم کا الیکشن کمیشن کو حساب دیں، زکواۃ اور خیرات کو زمینوں کے کاروبار میں استعمال کرنے کا حساب دیں، چوری نہیں کی تو تلاشی دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارات خان صاحب سڑکوں پر جتنا شور مچائیں، جتنا روئیں، اپنی چوری اور کرپشن چھپائیں، جواب اور حساب تو دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سینہ زوری سے چوری نہیں چھپا سکتے، ان سے پی ٹی آئی کے کارکن اور پوری قوم غیر قانونی فارن فنڈنگ کا حساب مانگ رہی ہے۔علا وہ ازیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اورتحریک انصاف کو اداروں کی تذلیل اور انھیں دباؤ میں لانے سے گریز کرنا چاہئیے ،عمران خان اپنی جماعت کے غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے حسابات دینے کی بجائے پھر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلنج کررہے ہیں وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ اور پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی اور اس دوران عمران خان کے وکیل انور منصور نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ جن چیزوں میں شفافیت نہیں ہوتی یا انھیں چھپایا جانا مقصود ہوں تو ان کے بارے ایسے ہی بیانات دیے جاتے ہیں، عمران خان اس سے قبل بھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے دائرہ کار کو چیلنج کرچکے ہیں۔ وزیرمملکت نے کہاکہ جب بھی عمران خان سے جواب مانگا جاتا ہے تو ان کا یہی رویہ ہوتا ہے،وہ استثنی بھی مانگتے ہیں اور دائرہ کار کو چیلنج بھی کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ سڑکوں اور جلسوں میں کھڑے ہو کر حکومت اور اداروں کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے ہیں لیکن جب اپنی بات ہو تو تلاشی دینے سے انکار کرتے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ دوسالوں سے الیکشن کمیشن جب بھی تحریری جواب طلب کرتا ہے تو عمران خان کے وکیل وقت مانگتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پارٹی اکاؤنٹس متنازعہ ہیں تو اس بات کو قبول کریں اور لکھ کر دیں اور اس کے بعد دائرہ کار کو چیلنج کریں ورنہ اداروں کی تذلیل اور انھیں دباؤ میں لانے سے گریز کریں۔ علاوہ ا ازیں مر یم اورنگزیب نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں چترال پریس کلب کی نو منتخب قیادت کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کیا۔ایم این اے افختار الدین ‘پی آئی او راؤ تحسین علی ‘چترال پریس کلب کی قیادت اس موقع پر موجود تھی۔وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کو چترال پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے چترال کی خوبصورت شال کا تحفہ پیش کیا۔وزیر مملکت مر یم اورنگزیب نے چترال پریس کلب کے نومتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف لینے والوں میں چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین ‘سینئر نائب صدر سیف الرحمن ‘نائب صدر میاں آصف علی شاہ ‘جنرل سیکرٹری عبدالغفار ‘فنانس سیکرٹری نور افضل خان اور آفس سیکرٹری نذیر احمد شاہ شامل ہیں۔ اس مو قع پر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2013میں ڈیفالٹ کی پوزیشن پر کھڑے پاکستان کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں انتھک محنت ‘لگن اور مسلسل کاوشوں کی بدولت آج دنیا بھر کی ابھرتی معشیت رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہو چکاہے ‘عالمی ادارے اور سروے رپورٹس ہماری کامیابی کا اعتراف کر رہے ہیں ‘پاک چین اقتصاری راہداری منصوبے سے نہ صرف پاکستان بھر کے تمام صوبے استفادہ حاصل کرسکیں گے بلکہ یہ منصوبہ خطے میں نئے رابطوں(کنیکٹیوٹی) کا زریعہ بھی بن چکا ہے ‘سی پیک گیم چینجر کے ساتھ ساتھ ہماری نئی نسل کی تقدیربدل دے گا ‘صحافیوں کے لئے سکیورٹی اینڈ سیفٹی بل کو حتمی شکل دی جارہی ہے‘اس بل میں صحافیوں کے ساتھ ساتھ کیمرہ مینوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کوریج کرتے ہیں ‘صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تربیت کا پروگرام تین سے پانچ سال تک جاری رہے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...