تحریک انصاف پر دوماہ کیلئے ضمنی ا لیکشن لڑنے پر پابندی ، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا

تحریک انصاف پر دوماہ کیلئے ضمنی ا لیکشن لڑنے پر پابندی ، پی ٹی آئی نے الیکشن ...

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک/ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ اور عمران خان پر توہین عدالت کے کیس میں الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس اور عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر) سردار رضا نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ ہم نے آپ کو تحریری جواب دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس پر انور منصور نے کہا کہ پہلے طے کیا جائے کہ یہ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار بھی ہے یانہیں۔عمران خان کے وکیل کا کہناتھا کہ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکا تھا۔چیف الیکشن کمشنر نے دائرہ اختیار چیلنج کرنے پرعمران خان کے وکیل سے کہا کہ اگر سماعت کا اختیار نہیں تو پھر کیا ہمیں گالیاں نکالی جاتی رہیں گی۔واضح رہے وزیراعظم نوازشریف کے وکیل نے سماعت کے اختیار کو چیلنج کیا تو پی ٹی آئی کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھاتاہم اب تحریک انصاف نے ریکارڈ پیش کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن کے اختیار کو چیلنج کر دیا گیاہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس پاکستا ن تحریک انصاف کے بانی سابق رہنما اکبر بابر نے دائر کیا ہواہے۔ دریں اثنا تحریک انصاف کو انٹرا پارٹی الیکشن میں تاخیر مہنگی پڑگئی اورالیکشن کمیشن نے دو ماہ کیلئے ضمنی الیکشن لڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔ عمران خان کی پارٹی پی پی 23 چکوال سمیت 4 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخاب نہیں لڑ سکے گی ۔ الیکشن کمیشن نے چار ضمنی انتخابات سے باہر کر دیا ہے۔ پی پی 23 چکوال میں کپتان کا کھلاڑی بلے کے بغیر میچ کھیلے گا ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو اپریل اور مئی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ پی پی 23 چکوال میں 18 اپریل کو ضمنی الیکشن کیلئے عمران خان نے اتوار کو جلسہ کیا تھا مگر ان کے امیدوار کو پارٹی کا انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا گیا ۔ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 81 سانگھڑ میں 20 اپریل کو ، خیبرپختونخوا میں پی کے 54 مانسہرہ اور پی کے 82 کوہستان میں 10 مئی کو ضمنی انتخابات ہوں گے ۔ وہاں بھی کپتان کے کھلاڑی بلے کے بغیر میدان میں اتریں گے ۔ دریں اثنا پارٹی نشان الاٹ نہ کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جانے کافیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی نشان بلے کی بحالی کیلئے قانونی ماہرین کو پٹیشن تیارکرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پٹیشن میں تحریک انصاف الیکشن کمیشن حکم کو غیر قانونی اورغیرآئینی قرار دے گی اور الیکشن کمیشن کا حکم واپس لینے کے لیے استدعا بھی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کیا گیا ٗ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر چکوال نے عمران خان کو 6 اپریل کو طلب کرتے ہوئے ان سے وضاحت مانگ لی۔پنجاب کے حلقہ پی پی 23 چکوال میں ضمنی انتخاب کے موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق حلقے میں کوئی بھی ایم این اے یا ایم پی اے دورہ یا جلسہ نہیں کرسکتا جب کہ گزشتہ روزعمران خان نے نہ صرف چکوال میں دورہ کیا بلکہ جلسے سے خطاب بھی کیا۔

پی ٹی آٗی

مزید : صفحہ اول


loading...