رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں ، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ70سال میں اشرافیہ نے ملک کے ساتھ جوگھناؤنا کھیل کھیلا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ پاکستان میں لگنے والے تین مارشل لاز نے ملک کی تباہی کی جبکہ سیاستدانوں سے بھی بڑی غلطیاں ہوئیں۔کرپشن ،نااہلی اورغیر پیشہ ورانہ رویوں کے باعث ملک کو بے پناہ نقصان ہوا۔اب ماضی کی غلطیوں اورکوتاہیوں پررونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ ان سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اوردکھی قوم کے زخموں پر مزید نمک پاشی کی بجائے مرہم رکھنا ہے اور اس مقصد کیلئے محنت ،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ان اصولوں کو اختیار کیے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ترقی کے لحاظ ہم سے پیچھے رہ جانیوالے ملک آج آگے نکل چکے ہیں جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔پاکستانی قوم بڑی باصلاحیت، جفاکش اورمحنتی ہے ۔یہاں قابل سیاسی اذہان اورہر شعبے کے ماہرین موجود ہیں ۔ آئیں ملکرماضی کی غلطیوں کا تجزیہ کرکے ان غلطیوں سے سبق حاصل کریں اورپاکستان کو بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام دلانے اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ملکرآگے بڑھیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں ’’پنجاب اکنامک فورم 2017ء‘‘کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین اورماہرین اقتصادیات نے بھی فورم سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شاندار اکنامک فورم کے انعقاد پر صوبائی وزیرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، حکومت پنجاب اورمنتظمین کودل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں ۔ اکنامک فورم کے انعقاد سے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے جہاں معاشی ترقی کو درپیش چیلنجز اوررکاوٹوں کے بارے میں کھل کر بات چیت کا موقع ملے گااورمعاشی ترقی کے حوالے سے آگے بڑھنے کیلئے سود مند تجاویزاور آراء سامنے آئیں گی۔ معاشی پالیسیوں کی تشکیل اوراداروں میں اصلاحات کے حوالے سے مفیدخیالات، تجاویز اور سفارشات مرتب ہوں گی۔ماہر ین معاشیات کے تجربات اورسفارشات کی روشنی میں معاشی ترقی کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا اکنامک فورم انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،اس پلیٹ فارم سے ملک کو معاشی طورپر مضبوط بنانے ،پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے ،کشکول گدائی توڑنے اور عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے ٹھوس تجاویز اورسفارشات سامنے آئیں گی جس کی روشنی میں معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔صوبائی وزیرمنصوبہ بند ی و ترقیات ملک ندیم کامران نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پنجاب اکنامک فورم کو صوبے کے سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے سنگ میل قرار دیا۔چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات جہانزیب خان نے پنجاب اکنامک فورم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ماہر معیشت پروفیسر ڈاکٹر سہیل جہانگیر نے معیشت کو درپیش مسائل چیلنجز اور معاشی ترقی کی رفتار کے حوالے سے گفتگو کی۔صوبائی وزراء ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،ریسرچرز، صنعتکاروں، تاجروں اورمعیشت کے طلباء و طالبات نے فوم میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 7رکنی وفد نے برطانوی پارلیمنٹرین رحمان چشتی کی قیادت میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ برطانوی پارلیمنٹرین رحمان چشتی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کرتاہے او رکرتا رہے گا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں عملی کام کر کے دکھایا ہے۔ شہبازشریف نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور انہوں نے ایک لیڈر کا کردار صحیح معنوں میں نبھایا ہے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے برطانوی پارلیمنٹ کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور دنوں ملک ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں۔تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں برطانیہ کے بین ا لاقوامی ترقی کے ادارے کا تعاون لائق تحسین ہے اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے تعلیم،صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں کامیابی سے پروگرام چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کی ہے۔ ہمارے دشمن اور دوست مشترکہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے افغان جنگ کے دوران پاکستان کو فرنٹ لائن سٹیٹ بنایا گیا جس کے باعث ملک میں انتہا پسندی او ردہشت گردی نے جنم لیااور عدم برداشت کے رویوں کو فروغ ملا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے گزشتہ دنوں لند ن میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین برطانوی پارلیمنٹ میں نائیجل ہڈلیسٹن،مارک پاوسے،ڈیوڈ مورس،ہنری سمتھ،میتھو اوفورڈاورروسٹن سمتھ شامل تھے۔صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ، رانا مشہود احمد ، ملک ندیم کامران، شیخ علاؤالدین، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دوسری طرف شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لودھراں ، خانیوال دو رویہ سڑک اور جی ٹی روڈ ایکسپریس وے شاہدرہ تا کالا شاہ کاکوکے منصوبوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں سے خانیوال تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے ۔اربوں روپے کی لاگت سے اس بڑے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے ۔ منصوبے کے تحت نیازی چوک خانیوال پرانٹرچینج جبکہ میتلا چوک پرفلائی اوور بنے گا اور اس منصوبے پر کام اعلی معیار کا ہو گا ۔لودھراں ،خانیوال دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہو گی۔ وزیر اعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے مقامی انتظامیہ پوری سپورٹ فراہم کرے اورزمین کے حصول یا دیگر امور میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، شاہد خاقان عباسی ، صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ملتان ،لودھراں، خانیوال اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب