قوم مضبوط اعصاب اور فولادی قوت کی مالک ہے، رفیق رجوانہ

قوم مضبوط اعصاب اور فولادی قوت کی مالک ہے، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جنگ میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ملکی سلامتی،قوم کے محفوظ مستقبل اور اقوام عالم کے اَمن کے لئے لازوال اور بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب ہو یا ردالفساد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہم سب پاکستان کی سلامتی اور اس کے تحفظ کے لئے تن من دھن کی بازی لگانے کے لئے ہمہ وقت تیار کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں چیف انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بریگیڈیئر جواد احمد کی قیادت میں آئے ہوئے سینئر افسران کے 65رُکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری قوم مضبوط اعصاب اور فولادی قوت کی مالک ہے، دہشت گردی کی اتنی طویل جنگ کسی قوم نے پہلے نہ لڑی ہوگی ۔اس موقع پر گورنرپنجاب نے وفد میں شامل سینئر افسران کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ پنجاب حکومت ایجوکیشن کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک کے بڑے بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں قائم سرکاری سکولوں میں بھی طلباء مڈل اور میٹرک کے امتحانات میں ٹاپ پوزیشنیں حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں سکالرشپ کی تقسیم ، دانش سکولوں اور جنوبی پنجاب میں یونیورسٹیوں کا قیام حکومت کے تعلیم کے میدان میں کئے جانے والے نمایاں اقدامات ہیں۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ضلعی چیئرمین ملتان دیوان عباس بخاری،وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ اوکاڑہ راؤ سعد اجمل اور ڈیرہ غازی خان سے وائس چیئرمین سردار احمد لغاری شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جامع پالیسیوں کے نتیجے میں ہر شعبے میں نمایاں اصلاحات اور بہتری نظر آرہی ہے اور ایسے علاقوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لایا جارہا ہے جو ماضی میں نظر انداز کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے لگائے گئے میگا پراجیکٹس پر دن رات کام کررہی ہے۔
رفیق رجوانہ

مزید :

صفحہ آخر -