وزیراعظم بیرون ملک جارہے ہیں نہ انہیں سرجری کی ضرورت ہے :ن لیگ
اسلام آباد(این این آئی)وزیرمملکت کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک جار ہے ہیں نہ ہی انہیں کسی سرجری کی ضرورت ہے ،وزیراعظم کاپانامہ میں نام ایک چال تھی جسے ہم نے ناکام بنادیا،تحریک انصاف بیرونی فنڈنگ سے متعلق کیس پرالیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیارکررہی ہے،تین ملین ڈالردوبئی سے ہنڈی کے ذریعے آئے،اب یہ گھر کے بھیدی سے بھاگ رہے ہیں،انہوں نے چوری نہیں کی تو تلاشی دیں۔پیرکوپی آئی ڈی میں رکن قومی اسمبلی دانیال عزیزکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا وزیراعظم کی نہ صرف موجودہ بلکہ تین نسلوں نے احتساب کیلئے پیش کیا جو لوگ احتساب کامطالبہ کررہے تھے جب ان کاوقت آیا تو انہوں نے جو رد عمل دیا وہ سب کے سامنے ہے ۔ ہم نے صبر کادامن ہاتھ چھوڑا ،کوئی رعایت مانگی اور نہ ہی کبھی کوئی عذر پیش کیا۔ پی ٹی آئی کاخاصا ہے اگر کسی ادارے سے ان کے حق میں فیصلہ آجائے تو ٹھیک ، خلاف ہو تودائرہ سماعت تک اعتراضات کرنے سے گزیز نہیں کرتے ۔ اگر کوئی ادارہ آئین کی بات کرتا ہے تو وہ انکاہدف بن جاتا ہے ۔ اس موقع پردانیال عزیزکا کہنا تھا بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے کیس تین اپریل سے پہلے کادرج ہے یہ کیس مسلم لیگ ن نے کیا ہے یا انکی اپنی جماعت کے لوگوں نے ؟عمران خان بار بار کہتے ہیں کہ انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،ایک طرف کہتے ہیں کہ ہمیں فعال الیکشن کمیشن چاہیے دوسری جانب الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیاجاتا ہے۔انکے دل میں چور ہے ،اسی لئے یہ الیکشن کمیشن سے فرار ہیں۔ پی ٹی آئی خود رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی سے اتحاد سے متعلق سوال پر دانیال عزیز نے کہا بند کمروں میں انکاطریقہ مختلف ہے جہاں انکو سیاسی مقاصد حاصل ہوں اتحاد کرلیتے ہیں دوسروں پرمک مکا کاالزام لگایاجاتا ہے ایک طرف خود مک مکا کی بات کرتے ہیں دوسری طرف اس سے مستفید ہوتے ہیں ۔
ن لیگ