صدر ٹرمپ سمیت 9ہزار افرادداعش کی ہٹ لسٹ پر ’’بھیڑیئے ‘‘ جہاں بھی ملیں مار دوکا ویڈیو پیغام جاری

صدر ٹرمپ سمیت 9ہزار افرادداعش کی ہٹ لسٹ پر ’’بھیڑیئے ‘‘ جہاں بھی ملیں مار ...

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) داعش کے حامی ایک گروپ نے تقریباً 9 ہزار افراد کی ایک ہٹ لسٹ جاری کی ہے جس میں صدر ٹرمپ بھی شامل ہیں اور اکیلے بھیڑیوں کو ’’جہاں بھی ملیں ہلاک کردو‘‘ کا پیغام دیا ہے۔ داعش کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے معاملات میں مدد دینے والے گروپ ’’متحدہ سائبر خلافت‘‘ کی طرف سے 8786 افراد کی فہرست جاری ہوئی ہے اور دھمکی دی ہے کہ بہت جلد انکی ای میل اور گھروں کے پتے جاری کردیئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر برطانوی اخبار ’’دی سن‘‘ نے یہ رپورٹ دی ہے جسے امریکی اخبارات نے بھی شائع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس فہرست میں امریکہ ، برطانیہ کے چیدہ چیدہ سیاستدان دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ وا شنگٹن کے سکیورٹی مبصرین نے داعش کے حامی یا ذیلی گروپ کی اس کارروائی پر میڈیا چینلز میں جو تبصرہ کیا ہے اس کے مطابق یہ داعش کی اس پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے جو وہ عراق و شام میں اپنی متوقع مکمل شکست و بے دخلی سے بددل ہوکر شروع کر رہا ہے۔ اتحادی ممالک کے انسداد دہشتگردی کے مؤثر اقدامات جن میں غیر ملکی رضاکاروں کی آمد اور بیرونی فنانسنگ کی روک تھام شامل ہیں داعش پر کاری ضرب لگا رہے ہیں۔ اسی لئے اب وہ اپنے حامیوں کو عراق و شام بلانے سے زیادہ ان پر ’’اکیلے بھیڑیے‘‘ کے طور پر اپنے اپنے مقامات پر کارروائیاں کرنیکی ترغیب دے رہے ہیں۔ یہ اصطلاح ان ہمدردوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے جو ہائی کمان سے ہدایت لئے بغیر انکی ہمدردی میں اپنے طور پر دہشت گرد کارروائیاں کرتے ہیں۔ ایک میڈیا چینل نے ایف بی آئی کے ایک سابق ایجنٹ سٹیوارٹ کیپلان کا بیان نشر کیا ہے جس میں اس نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس دھمکی کو سنجیدگی سے لینا چاہئے کیونکہ ’’اکیلے بھیڑیے‘‘ اس پیغام سے حوصلہ حاصل کرکے واقعی دہشت گرد کارروائیاں کرسکتے ہیں اور ٹارگٹس کے پتے ملنے سے انہیں مزید آسانی حاصل ہوسکتی ہے۔

داعش ہٹ لسٹ

مزید : صفحہ اول


loading...