پاکستانی دنیا میں نمبر ون ہیں کیونکہ ہمارے پاس قرآن ہے، رضا علی گیلانی

پاکستانی دنیا میں نمبر ون ہیں کیونکہ ہمارے پاس قرآن ہے، رضا علی گیلانی

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی دنیا میں نمبر ون ہیں کیونکہ ہمارے پاس قرآن ہے،ہم با صلاحیت ہیں۔ حجاب پہننے والی طالبات کو اضافی مارکس ملنے چاہئیں۔ہمیں سیکولر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ میں مجلس فاضلین علوم اسلامیہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر " اسلامی اقدار کا فروغ اور اساتذہ کی ذمہ دار یاں " کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔سید رضا علی گیلانی نے کہا میں نے طالبات کے حجاب پہننے کی بات کی تو طوفان مچادیا گیا،اس میں غلط کیا ہے۔ حجاب کی تعلیم تو قرآن دیتا ہے ۔ہمیں سیکولر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔امریکہ کے آئین میں قرآن کریم سے بہت کچھ اخذکیاگیاہے لیکن وہ تسلیم اس لئے نہیں کرتے کہ اس طرح عیسائیت پیچھے رہ جائے گی۔ امریکہ میں پاکستان سے تین گنا زیادہ جرائم ہوتے ہیں لیکن وہ شارٹ کٹ نہیں اپناتے جو فیصلہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں، آپ بھی محنت کریں اللہ تعالی محنت کا پھل ضرور دیتا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا کی تربیت پر بھی زور دیں اور انہیں قرآن کریم پڑھنے کی ترغیب دیں۔ڈین فیکلٹی علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکڑ طاہرہ بشارت نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اسلامی اقدار کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کریں، اپنے شاگردوں میں وہ شعلہ خیر پیدا کر دیں جو انہیں دنیا میں چمکتا ستارہ بنا دے۔ادارہ علوم اسلامیہ کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکڑ شبیر احمد منصور کا کہنا تھا کہ اسلامی ماحول پیدا کئے بغیر ہم طلبا میں اسلامی اقدار کو فروغ نہیں دے سکتے۔صدر تقریب اور مجلس فاضلین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد نے کہاکہ موجودہ حالات میں اساتذہ پر اسلامی اقدار کے فروغ کی زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ غیر اسلامی اقدار ہم پر حملہ آور ہیں اور ہم غیر محسوس انداز میں اسلامی اقدار سے ہٹ رہے ہیں۔ادارہ علوم اسلامیہ کے ڈائریکٹر محمد سعد صدیقی کا کہنا تھا کہ شعبہ اسلامیات کے اساتذہ کو اچھے اخلاق کا نمونہ ہونا چاہئے۔استاد کا اپنا اخلاق اچھا نہیں ہوگا تو وہ طلبا کو اچھے اخلاق کی تعلیمات نہیں دے سکیں گے۔تقریب کے آخر میں ادارہ علوم اسلامیہ کے سابق اساتذہ اوردیگر شخصیات کو اعلی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز پیش کی گئیں۔

رضا علی گیلانی

Back to Conversion Tool

مزید : صفحہ آخر


loading...