ماتحت عدالتوں کے ججوں کو غیر ضروری چھٹیوں سے اجتناب کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عابد حسین قریشی نے جوڈیشل افسروں کی غیر ضروری چھٹیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ماتحت عدالتوں کے ججوں کو غیر ضروری چھٹیوں سے اجتناب کرنے کا حکم دے دیاہے۔سیشن جج کی جانب سے سول ججوں اور جوڈیشل مجسٹریٹوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل افسروں نے اپنی سالانہ رخصت کا کوٹہ مکمل کرنے کے لئے چھٹیاں حاصل کرنا معمول بنا لیا ہے اور مشاہدے میں آیا ہے کہ اکثر جوڈیشل افسرہر ہفتے کے آخری دن لازمی چھٹی لے رہے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل افسران چھٹی کی باقاعدہ منظوری سے پہلے ہی رخصت کر رہے ہیں جو اعلیٰ حکام کی نظر میں مناسب نہیں جبکہ جوڈیشل افسروں کی بغیر وجہ کے چھٹیاں کرنا رولز کی بھی خلاف ورزی ہے،مراسلے میں لاہور ہائیکورٹ کے 1997کے مراسلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سول ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ انتہائی ضروری حالات میں ہی رخصت حاصل کرنی چاہئے ۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جوڈیشل افسر رخصت کی اکاونٹنٹ جنرل آفس سے بھی تصدیق سے پہلے چھٹی کر رہے ہیں جبکہ ہائیکورٹ کے 2016ء کے مراسلے میں جوڈیشل افسروں کو رخصت سے 15روز پہلے منظوری لینے کا پابند بنایا گیا ہے، مراسلے میں تمام جوڈیشل افسروں کو مراسلے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔