بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کی نشاندہی کیلئے3کمیٹیاں تشکیل

بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کی نشاندہی کیلئے3کمیٹیاں تشکیل

 لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ کی سر براہی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بلدیاتی کمیٹی کا اجلاس ہو ا۔ اس موقع پروزیر قانون رانا ثنا اللہ ، کارپوریشنوں کے میئرز و ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں و وائس چیئرمینوں ، سیکر ٹری بلدیات اسلم کمبوہ، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوری طور پرتین بلدیاتی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جوپنجاب بھر میں بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مشکلات مسائل کی نشاندہی کرینگی۔ تشکیل کردہ کمیٹیاں ٹیکس کی وصولی، اختیارات کی منتقلی اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں جائزہ لے کر اپنی رپورٹ حکومت کو فوری پیش کرنے کی پابند ہو نگی ۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لئے آپ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں ہم نے ایک ٹیم کے طو رپر کام کرنا ہے ۔ بلدیاتی قیادت جوانی اورتجربے کا حسین امتزاج ہے اور آپ عوامی خدمت میں حکومت کے دست و بازوبنیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف خود مضبوط بلدیاتی نظام کے خواہاں ہیں تاکہ عوام کو ہر قسم کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہو ۔انہو ں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈ کسی اور مد میں استعمال کرنے پر پابندی ہوگی اور یہ فنڈز صرف ترقیاتی مد میں ہی استعمال ہوں گے۔ جنوبی پنجاب اور پسماندہ اضلاع کی بلدیاتی حکومتوں کو پہلے سے زیادہ وسائل مہیا کئے گئے ہیں جبکہ شہری اور دیہی یونین کونسلوں کو یکساں فنڈز دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں ضلع کی سطح پر امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے میئرز، چیئر مین ضلع کونسلز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او ز ذمہ دار ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...