نادرا کی غلطی نے رٹائرڈ ملازم کو پنشن سے محروم کر دیا ، گھر میں فاقے
لاہور(نامہ نگار)پنشن بند ہونے سے نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے ،نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ پر تاریخ پیدائش غلط لکھے جانے پر متاثرہ ریلوے ملازم رب نواز نے نادرا کے خلاف سول کورٹ میں دعویٰ دائر کر دیا،سول جج توقیرفاطمہ کی عدالت میں ریلوے کے ملازم رب نواز کی جانب سے وکیل نے دعوے دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ رب نواز کا شناختی کارڈ گم ہو گیا ہے جس پر اس نے نیا کارڈ بنوایا، تاریخ پیدائش غلط لکھے جانے پر اس نے نادراسے شکایت کی جس پر اسے سول کورٹ سے رجوع کرنے کا کہا گیا جبکہ ریلوے نے بھی پنشن بند کردی، رب نواز کے وکیل نے کہا کہ نادرا کی غلطی کی سزا اس کا سائل بھگت رہا ہے اس کی پنشن بند ہو چکی ہے اس کے گھر میں فاقے پڑرہے ہیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ رب نواز کے شناختی کارڈ پر تاریخ پیدائش ٹھیک کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے وکیل کے دلائل اور رب نواز کا بیان سننے کے بعد نادرا انتظامیہ کو 10اپریل کو طلب کرلیاہے۔
نادرا غلطی