سیکٹر انچارجز کی ٹریننگ کا جلدآغاز کیا جائیگا ،رائے اعجاز احمد

سیکٹر انچارجز کی ٹریننگ کا جلدآغاز کیا جائیگا ،رائے اعجاز احمد

لا ہور (کرا ئم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسرلاہور رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر لاہور پولیس کا چہرہ ہیں ۔اس لئے ہر شہری سے انتہائی ادب اور حسن سلوک سے پیش آئیں۔ تمام ٹریفک وارڈنز کی حاضری کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے یقینی بنائیں گے۔رویہ انسان کی پہچان ہوتے ہیں اس لئے ہماری انتہائی اہم ذمہ داری ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک روانی کو برقرا ر رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے حسن سلوک سے پیش آئیں ایجوکیشن اور آگاہی مہم صر ف ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن( ر) سید احمد مبین شہید کے نام ہوگی ۔ جو شفٹ انچارج ہوگا وہ اپنی نفری کو بریف کریگا اور الرٹ رکھے گا اور اسکے علاوہ بدعنوانی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی اگر ٹریفک وارڈن بد عنوانی کرے گا تو اسکا ذمہ دار شفٹ انچارج کو سمجھاجائے گا۔سیکٹر انچارج لائسنسنگ کے عملہ کی مکمل مدد کریں گے۔۔جلد سیکٹر انچارجز کی ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کیا جائیگا جس میں لاء موڈیول اور ویلفیئر کے کو رسز بھی شامل کئے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال نمبر 3میں ڈی ایس پیز، سیکٹر انچارجز اور لائسنسنگ عملہ کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز ، اور سیکٹر انچارجز کے علاوہ ٹریفک ایجوکیشن سیکٹر نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر ٹریفک روانی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔دریں اثناچیف ٹریفک آفیسرلاہور رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے تعاون سے ماڈل روڈز پر تمام تجاوزات اور رانگ پارکنگ کو جلد ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس میں تاجر برادری کا تعاون کلیدی کردار ادا کریگا۔اگر شہر کی پانچ بڑی سٹرکوں پر ٹریفک کے مسائل حل ہوجائیں توشہریوں کو بہت ریلیف حاصل ہوگا ۔تمام ٹریفک افسران و وارڈنز کو تاجر برادری کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے ۔قانونی طور پر جس پلازہ کے نقشہ میں پارکنگ کے لئے حصہ نہیں ہے یا پھر مالک نے خود پارکنگ کی جگہ کو کمرشل کر دیا ہے وہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونے چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا شوکت علی روڈ ماڈل ٹاؤن اور علامہ اقبال روڈ گڑھی شاہو کے تاجر برادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس پی صدر سردار آصف ،ایس پی سٹی آصف صدیق،مولانا شوکت علی روڈ ماڈل ٹاؤن اور علامہ اقبال روڈ گڑھی شاہو کی مارکیٹوں کے صدور اور تنظیمی عہدیداران اور تاجران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید : علاقائی


loading...