حکمران عوام کو صافپانی فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں،مراد راس
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عام آدمی کی صاف اور قابلِ نوش پانی تک رسائی مشکل ہو گئی ہے آلودہ پانی سے اموات اور کئی امراض جن میں ڈائریا، ٹائیفائڈ اور ہیپا ٹائٹس شامل ہیں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان شہروں کی 62 آبادی اور دیہاتوں کی 84 فیصد آبادی صاف سے محروم ہے پاکستانی ہسپتالوں میں چالیس فیصد اموات کی وجہ بھی آلودہ پانی ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ پی پی 152 مصطفے آباد کالونی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے دوران کیا۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اپنی مدد آپ کے تحت اپنے علاقے کے لوگوں کو صاف پانی مہیا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آلودہ پانی کا جائزہ مالیاتی لحاظ سے کیا جائے تو انکشاف ہوگا کہ ملک کو گندے پانی سے ہونے والے امراض اور دیگر مسائل کی وجہ سے سالانہ ایک سو بارہ ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے