نواز حکومت کو کشمیر کی قیمت پر بھارت کیساتھ دوستی کی اجازت نہیں دینگے :بلاول بھٹوزرداری

نواز حکومت کو کشمیر کی قیمت پر بھارت کیساتھ دوستی کی اجازت نہیں دینگے :بلاول ...

میرپور (نمائندہ پاکستان)پاکستان پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ شریف برادران کو نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان سے آؤٹ کردیاجائے گا۔ گزشتہ روزممتاز کشمیری صحافی بنار س علی چوہدری اور ممتاز صنعتکار شاہنوازیٰسین چوہدری سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا اس بار پاکستان میں آر اوز کے الیکشن نہیں ہونے دیں گے ۔پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں گھر گھر جائینگے اورکارکنوں کو متحرک کرینگے ، انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں ہیوی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدارمیں آئیں گے ۔ پچھلے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ایک سازش کے تحت دیوار کیسا تھ لگا دیاگیا تھااس بار میں کارکنوں کے ہمراہ گاؤں گاؤں اورقریہ قریہ جاؤں گا ۔ پیپلزپارٹی اس انتخابی معرکے میں پوری طاقت صرف کرے گی اور جمہوریت کے ذریعے اقتدار میں آئیں گے ۔ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کردی گئی ہے تمام کارکن پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور مہاجرین کے حلقوں میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو گھروں سے نکالیں ۔ پیپلزپارٹی تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ کریگی ۔ نوازشریف حکومت بھارت کیساتھ دوستی ضرور نبھائے لیکن کشمیر کی قیمت پر نہیں ۔ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کو لیکر آگے چل رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...