مندرہ تا بھون ریلوے کی بحالی عملی طور پر سامنے آگئی ،عبدالقیوم

مندرہ تا بھون ریلوے کی بحالی عملی طور پر سامنے آگئی ،عبدالقیوم

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیئرمین سینٹ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے پیر کے روز بتایا کہ مندرہ تا بھون ریلوے لائن کی بحالی جو کل تک ایک خواب دکھائی دیتا تھا اب وہ عملی طور پر سامنے آرہا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے سینٹ کے ایوان میں یقین دلایا ہے کہ حکومت مندرہ بھون ریلوے لائن کی بحالی میں سنجیدہ ہے جبکہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے بھی نوٹس میں یہ اہم منصوبہ لایا جا چکا ہے۔ وہ چیئرمین میونسپل کمیٹی چکوال چوہدری سجاد احمد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں جنرل عبدالقیوم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل کونسلر ملک غلام حُر نے جنرل عبدالقیوم کوبتایا کہ محکمہ سوئی گیس کا آفس جب تک ایریا آفس میں اپ گریڈ نہیں کیا جاتا ضلع چکوال کے عوام ذلیل و رسوا ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال شہر میں سوئی گیس کے چھوٹے پائپ لائن تبدیل کر کے بڑی لائن بچھانے سے ہی سردیوں میں سوئی گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین چوہدری سجاد احمد نے جنرل عبدالقیوم سے استدعا کی کہ چکوال شہر کی صفائی کیلئے وہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے میونسپل کمیٹی کیلئے خصوصی فنڈز جاری کروائیں۔ جنرل عبدالقیوم نے یقین دلایا کہ چکوال بڑی تیزی کے ساتھ ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کر رہا ہے لہٰذا حکومتی عمائدین سے ہر قسم کی امداد حاصل کی جائے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...