وزیر اعظم یا صدر بننے کی ہوس نہیں ، ملک کی بہتری چاہتا ہوں : پرویز مشرف

وزیر اعظم یا صدر بننے کی ہوس نہیں ، ملک کی بہتری چاہتا ہوں : پرویز مشرف

اسلام آباد (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھے وزیر اعظم یا صدر بننے کی ہوس نہیں ، ملک کی بہتری چاہتا ہوں، پاکستان میں کرپشن اور مس گورننس عروج پر ہے ، دہشت گردی و انتہا پسندی بڑھ رہی ہے ، حکمران صرف سیاست کر رہے ہیں۔ تیسری سیاسی قوت کا خلاء پر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں 23 جماعتوں پر مشتمل عوامی اتحاد کے اجلاس کے بعد ٹیلی فونک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو بچانے اور ترقی دینے کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی کیونکہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں لیکن ان کی حقیقی رہنمائی کرنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی خلاء کو پر نہ کیا تو ملک کو لوٹنے والے ہی باریاں لگاتے رہیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ ہر اس جماعت کو عوامی اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں جو ملک و قوم کی بہتری چاہتی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہئے تا کہ قوم آگے بڑھے۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد اور عوام لیگ کے صدر ریاض فتیانہ ،مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈارسمیت دیگر جماعتوں کے راہنماموجود تھے۔ 23 ہم خیال جماعتوں کا اجلاس ریاض فتیانہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پری پول رگنگ کا نوٹس لیتے ہوئے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کا ترقیاتی بجٹ روکنے ، درجہ چہارم کی نوکریوں کی بندربانٹ پر پابندی ، میرٹ پر حلقہ بندیاں کرنے ،انتخابی عملے کو دھاندلی پر سزائیں دینے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے ، زرعی اصلاحات اور کاشتکاروں کی حالت زار کو ٹھیک کرنے ، مہنگائی ختم کرنے ، مزدور کش پالیسیوں کے خاتمے ، اعلیٰ تعلیم کی مفت فراہمی اور نئے ہسپتالوں کے قیام سمیت دیگر مطالبات پر مبنی قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس میں سانحہ پارہ چنار کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ اتحادی جماعتوں نے ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور اداروں میں اصلاحات کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

پرویز مشرف

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...