واپڈا اور مواصلات کے حکام ملکر باہمی مسائل حل کریں،مجلس قائمہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) واپڈا اور مواصلات کے حکام ملکر باہمی مسائل حل کریں اور مجلس قائمہ کو اسکی رپورٹ پیش کریں۔ یہ ہدایات قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کے اجلاس میں دی گئیں۔ مجلس قائمہ نے کہا کہ طے شدہ پر اجیکٹس کی تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ لاہور کے متعلقہ حق رستہ کے تما م مسائل واپڈا حکام اور این ایچ اے کے حکام کے درمیان طے پاچکے ہیں۔ اسی طرح شیخوپورہ میں بننے والے وو انٹر چینجوں کے لئے بجلی کے کھمبوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا کام بھی اسی ماہ مکمل کرلیا جائے گا۔ کمیٹی نے این ایچ اے کو حکم دیا کہ ہری پورہ تا ایبٹ آباد کے بجلی کے کھمبوں کو متبادل جگہ منتقل کرنے کے لئے 13ملین روپیہ ایک ہفتے کے اندر اندر واپڈا کو ادا کیا جائے ۔ اسی طرح واپڈا ( PESCO ) اوراین ایچ اے، مل کر ایبٹ آباد اور اسکے آگے بھی KKH پر جہاں بھی بجلی کے کھمبوں کو ہٹا کر سٹرک کشادہ کرنا مقصود ہے وہاں کا ایک ہفتے کے اندر سروے مکمل کریں، اورمزید ایک ہفتے کے اندر واپڈا کو ادائیگی کرکے بجلی کے کھمبوں کو جلد از جلد متبادل جگہوں پر منتقل کرنا ممکن بنائیں تاکہ سڑک کی جلد کشادگی ممکن ہو سکے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی جلد از جلد ترتیب دی جائے۔مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت محمد مزمل قریشی صدر نشیں ،مجلس قائمہ نے کی جبکہ ممبران قومی اسمبلی کے علاوہ سیکرٹری مواصلات اور کثیر تعداد میں اعلی حکام نے مجلس قائمہ کے اجلاس میں شرکت کی۔