کھلی فضا میں روزانہ 20 منٹ واک کرنے کا صحت کے لئے بے مثال فائدہ
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سائنسدان کئی تحقیقات میں صبح کے سیر کے فوائد گنوا چکے ہیں اور اب انہوں نے اس کا ایک اور ایسا بے مثال فائدہ بتا دیا ہے کہ سن کر ہر شخص صبح کی سیر کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لے گا۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف مشی گن کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”روزانہ صرف 20منٹ تک باہر کھلی فضاءمیں واک کرنے سے ذہنی دباﺅ اور ڈپریشن حیران کن حد تک کم ہو جاتا ہے اور مجموعی جسمانی و ذہنی صحت پر اس کے ناقابل یقین حد تک خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔“
سائنسدانوں نے اس تحقیق میں ہزاروں افراد پر تجربات کیے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر میری کیرل ہنٹر کا کہنا تھا کہ ”ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ روزانہ 20سے 30منٹ قدرتی ماحول میں پیدل چلنے سے ذہنی دباﺅ کا لیول 10فیصد کم ہو جاتا ہے، یہی نہیں بلکہ اس سے بلڈپریشر میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ ہمارے خیال میں ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ ذہنی دباﺅ اور ڈپریشن کے مریضوں کو ادویات کے ساتھ روزانہ 30منٹ تک قدرتی ماحول میں سیر کرنے کی ہدایت بھی کیا کریں۔ “