وہ چیز جو انسانی صحت کے لئے سگریٹ اور شراب سے بھی زیادہ خطرناک ہے

وہ چیز جو انسانی صحت کے لئے سگریٹ اور شراب سے بھی زیادہ خطرناک ہے
وہ چیز جو انسانی صحت کے لئے سگریٹ اور شراب سے بھی زیادہ خطرناک ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سگریٹ نوشی اور شراب صحت کے لیے یقینا مضر ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے ایک اور ایسی چیز کو صحت کے لیے ان سے بھی بڑا خطرہ قرار دے دیا ہے کہ کئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ دی میٹرو کے مطابق یہ چیز ’بری خوراک‘ ہے۔ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ دنیا بھر میں شرح اموات کو مدنظر رکھا جائے تو لوگ جس وجہ سے سب سے زیادہ مر رہے ہیں وہ سگریٹ اور شراب نہیں بلکہ ناقص خوراک ہے۔ اس تحقیق میں 130سائنسدانوں نے دنیا کے 195ممالک میں لوگوں کی کھانے پینے کی عادات اور وہاں لوگوں کی موت کی وجوہات کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے۔
تحقیقاتی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ ناقص خوراک سگریٹ سے زیادہ دل کی بیماریوں، کینسر اور شوگر جیسے امراض کا سبب بنتی ہے۔ ان 195 ممالک کے 2017ءکے دوران 1کروڑ 10لاکھ لوگ ناقص غذا کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں گئے۔ یہ ان ممالک میں ہونے والی کل اموات کا 22فیصد تھا۔ ان اموات میں بھی آدھے سے زیادہ ایسے تھے جو ثابت اناج اور پھلوں کااستعمال کم اور سوڈیم کا زیادہ استعمال کرتے تھے جو کہ نمک میں پایا جاتا ہے۔
باقی لوگ سرخ گوشت، پراسیسڈ گوشت، شوگر کے حامل مشروبات وغیرہ جیسی اشیاءکا زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہوئے اور ان کی موت واقع ہوئی۔تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ اور یونیورسٹی آف واشنگٹن کی پروفیسر ڈاکٹر اشکن افشین کا کہنا تھا کہ ”ناقص خوراک ایسا قاتل ہے جو کسی کے ساتھ رعایت نہیں کرتا۔ آج کل لوگ صحت مندانہ کھانوں کی بجائے زیادہ غیرصحت مندانہ کھانے کھا رہے ہیں جو کہ دنیا میں شرح اموات کی ایک بڑی وجہ ہے۔“

مزید :

تعلیم و صحت -