لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ابتک 1318مقدمات درج
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر شہر بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144کی پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید سخت کر دیئے۔ڈی آئی جی آپریشنز بابر سعید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دفعہ 14 کی خلاف ورزی پرلاہور کے مختلف تھانوں میں ابتک مجموعی طور پر1318 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ 202 ناکوں پرابتک مجموعی طور پر90 ہزارسے زائد افرادکو روک کرشہر میں نقل و حرکت کی وجہ دریافت کی گئی۔
جبکہ غیر ضروری طورپرسڑکوں پر آنیوالے82 ہزار495 شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کر کے گھروں کو واپس بھیجا گیا۔شہر میں سڑکوں پر آنے والی44294 موٹر سائیکلوں،11488 رکشوں، 1868 ٹیکسیوں،13030 کاروں اور4039 بڑی گاڑیوں کوبھی روک کر اُن کے مالکان سے شہر میں گھومنے پھرنے کی وجہ پوچھی گئی۔لاہور پولیس نے شہریوں کی اکثریت کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے گھروں کو لوٹا دیا۔
پولیس نے 3031 شہریوں سے دوبارہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے بارے شورٹی بانڈزبھی لئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کورونا وائرس سے لاحق خطرات کے پیش نظرشہری گھروں پر محفوظ رہیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے ہرگز نہ نکلیں۔