وزیراعظم ہاؤس کے سامنے شہری کی خودسوزی کی تحقیقات ہونی چاہیے، چانڈیو

وزیراعظم ہاؤس کے سامنے شہری کی خودسوزی کی تحقیقات ہونی چاہیے، چانڈیو

  

اسلام آباد (این این آئی)مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے سامنے شہری کی خودسوزی کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کہاں ہیں ریاست مدینہ کی طرز حکمرانی کے دعویدار وزیراعظم؟ شہری نے انصاف نہ ملنے پر ریاست مدینہ کے دعویدار وزیراعظم کے در پر خود کو جلا دیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سے تنگ آ کر خودسوزی کا واقعہ مایوسی کی انتہا کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف غربت اور کورونا ہے تو دوسری طرف حکومت کا اذیت ناک رویہ ہے، عمران خان نے غریبوں سے روزگار اور چھت ہی نہیں انصاف کی امید بھی چھین لی ہے، وفاقی حکومت کا رویہ ایسا ہے کہ غریب کورونا سے بچ گیا تو بھوک سے مر جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اب تک کے کھوکھلے اعلانات کے سوائے کچھ نہیں کیا، یہ حکومت ہر نئے دن لوگوں پر نئے عذاب بن کر ٹوٹ رہی ہے، شہری کی خودسوزی کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کو جیل بھیجنا چاہیے۔

چانڈیو

مزید :

علاقائی -