پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی کرونا کیخلاف میدان میں: گھر گھر راشن کی تقسیم جاری
(سپورٹس رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں پریشان کھلاڑیوں کے لئے کراچی میں گھر گھر راشن کی تقسیم جاری ہے، سابق اولمپین اصلاح الدین خان کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کے لئے لوگ آگے آئیں۔کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کا اب کورونا وائرس کے خلاف دفاعی کھیل جاری، لاک ڈاون سے متاثرہ کھلاڑیوں کی امداد کے لئے سرگرم ہو گئے۔ کرکٹر رومان رئیس امدادی مہم میں پیش پیش، کراچی اسپورٹس فورم کے تحت بھی کام تیز کر دیا۔سابق اولمپئین اصلاح الدین اور آرگنائزر آصف عظیم کا کہنا ہے کہ متاثرہ کھلاڑیوں کے گھر تک راشن پہنچایا جا رہا ہے۔ شاہد آفریدی، احمد شہزاد، اعصام الحق اور باکسر عامر خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی غریبوں کی مدد کرنے کے لئے کمر کس لی ہے۔دوسری طرف کھیلوں کے میدان سنسان ہو جانے کے بعد شدید مالی مشکلات سے دوچار مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس کی سابق اور حالیہ شخصیات مدد گار بن گئیں ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور پی ایچ ایف نے اپنے زیر معاہدہ اور دیگر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا شیڈول دے کر گھروں تک محدود کر دیا ہے جبکہ بے روزگاری کے ڈر سے کئی کھلاڑی میدان میں آگئے ہیں تاکہ ان کی امداد کی جاسکے لیکن ان کے مالی مسائل کی جانب فوری توجہ دینے کی زحمت بھی نہیں کی اور ڈومیسٹک سطح کے اکثر کھلاڑی معمول کے معاوضوں اور تنخواہوں سے بھی محروم ہیں جن کو اس بات کا بھی کوئی علم نہیں ہے کہ وہ میدان میں کب اتریں گے اور ان کی زندگی کس طرح معمول پر واپس آئے گی۔ کرکٹ اور ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کے مقامی ایونٹس کو ملتوی یا منسوخ کئے جانے کے باعث بیروزگاری اور مالی مسائل سے دوچار کھلاڑیوں کیلئے ماضی اور حال کے بہت سارے کھلاڑی میدان میں اتر آئے ہیں کھلاڑی جہانگیر خان نے برٹش اوپن کے فائنل میں استعمال ہونیوالا اپنا دستخط شدہ ریکٹ، اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی نے ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرسمیں منعقدہ ورلڈ کپ 1978 فائنل میں فیصلہ کن گول کیلئے استعمال شدہ ہاکی سٹک اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی 2017 میں استعمال کیا گیا، یادگار بیٹ کراچی سپورٹس فورم کو عطیہ کر دیا ہے۔ تنظیم کے چیف آرگنائزر وسیم ہاشمی کے مطابق ماضی اور حال کے نامور کھلاڑیوں کے زیر استعمال اشیا کو نیلام کر کے حاصل ہونے والی آمدنی سے وہ مزید راشن بیگز کا انتظام کر کے مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ سٹاف میں تقسیم کریں گے جبکہ ان کی مالی معاونت کا سلسلہ بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔