عوامی مفاد سے وابستہ تجارتی اداروں سے نرمی برتی جائے،عرفان اقبال شیخ

عوامی مفاد سے وابستہ تجارتی اداروں سے نرمی برتی جائے،عرفان اقبال شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ عوامی مفادات سے وابستہ تجارتی اداروں سے نرمی برتی جائے کیونکہ وہ سخت مشکل حالات میں بھی کام کرکے قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے ذریعے عوام کو اشیائے ضروریات و خوردنوش کی مسلسل فراہمی یقینی بنارہی ہے تاکہ کوئی بحرانی کیفیت پیدا نہ ہونے پائے جبکہ افرادی قوت کو روزگار کی مسلسل فراہمی بھی اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تاجر برادری کی اولین ترجیح حکومت کی ان کوششوں کو آگے بڑھانا ہے جو وہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف مہیا کرنے کے لیے کررہی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی ادارے بھی تاجر برادری کے ساتھ دوستانہ رویے کا مظاہرہ کریں جو حکومت کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ اشیائے خورد و نوش اور ادویات لانے لے جانے والی گاڑیوں کی نقل و حمل میں بھی بلاوجہ رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں تاکہ سپلائی مسلسل برقرار رہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ کروناوائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال جلد ہی ختم ہوجائے گی اور ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں پورے جوش و خروش سے بحال ہوجائیں گی۔

مزید :

کامرس -