کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے قوم متحد ہے،زاہد محمود

کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے قوم متحد ہے،زاہد محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کورونا وائرس کے ساتھ بھارتی مظالم سے بھی مررہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ڈومیسائل قانون کا اطلاق غیر قانونی ہے۔ اس وقت عالمی دنیا کی توجہ کورونا وائرس پر مرکوز ہے مگربھارت اس سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیرپر بھارتی تسلط اور پاکستان سے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ بے پناہ مظالم، کرفیو، لاک ڈاؤن کے باوجود تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد انتہاپسند بھارتی وزیر اعظم مودی نے اسرائیل کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر میں ایک خوفناک منصوبے پر کام شرو ع کردیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر تین ہزار اسرائیلیو ں کی آبادکاری شروع کردی گئی ہے۔
جبکہ کشمیری بچوں کے ذہنوں سے اسلام اور جذبہ حریت کو ختم کرنے کیلئے ایجوکیشن،ہسپتال،خوراک سمیت دیگر شعبے اسرائیلیوں کے سپرد کئے جارہے ہیں۔ انتہاپسند نریندر مودی کا یہ خوفناک منصوبہ کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سلامتی کیلئے بھی خطر ہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو بند کرکے پانچوں نمازیں اور جمعہ کی نماز پر پابندی عائد نہ کیا جائے بلکہ مساجد کو آباد رکھا جائے۔اس سلسلہ میں مذہبی طبقات مکمل طور پر حکومت سے تعاون کررہے ہیں اور نمازیوں سے اپیل بھی کررہے ہیں کہ معذور،بیمار کم عمر اور ضعیف العمر افراد پانچوں نمازیں اور جمعہ کی نمازمسجد کی بجائے گھر میں اداکریں،اس کے باوجود مساجد کی تالابندی قابل تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعلانات اور ہدایات نے کنفیوژن پیدا کردی ہے اور مسلمان پریشانی میں مبتلا ہیں،مساجد میں پانچوں نمازیں باجماعت اور نماز جمعہ کے اجتماع کے حوالہ سے پنجاب حکومت کو واضح پالیسی کااعلان کرنا چاہئے۔دریں اثناء مرکزی علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مخیر حضرات، تاجر، سرمایہ دار اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غرباء، مساکین،بے سہارا،مستحقین کا خاص خیال رکھیں۔ مزدور طبقہ اور غرباء کی مدد کرنا اہل ثروت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پڑوسیوں اور اہل محلہ کا خیال رکھنا ہم سب کی شرعی،دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ صدقہ وخیرات کرنے سے مصیبتیں کم ہوجاتی ہیں۔ اسلام نے صفائی پر سب سے زیادہ زور دیا ہے، بحیثیت مسلمان ہمیں اس کا اہتمام کرنا چاہئے اور احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا چاہئے۔