تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے زیر اہتمام یوم توبہ منایا گیا

تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے زیر اہتمام یوم توبہ منایا گیا

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐکے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی طرف سے ”فھو یشفین“مہم کے سلسلہ میں جمعۃ المبارک کو یوم توبہ کے طور پر منایا گیا۔جس میں خطبا ء نے عوام الناس کو کرونا سے بچاؤ کیلئے توبہ و استغفار کی دعوت دی اس موقع پر تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”فاسعو ا الیٰ ذکر اللہ“کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکہ کے مقابلہ میں پاکستان میں کرونا پر زیادہ کنٹرول محض فضل خدا وندی ہے۔

فیلڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹر،سیکیورٹی اہلکار اور سماجی کارکن قوم کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔ امریکہ ٹیکنالوجی میں ہم سے کہیں آگے ہونے کے باوجود کرونا کے سامنے عملی طور پر بے بس ہو چکا ہے۔ قدرتی آفات اور وباؤں سے بچاؤ کیلئے ظاہری اسباب اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام میں اپنا ایک طریقہ کار ہے۔حکومت کرونا کے مریضوں کے علاج معالجہ میں متحرک ڈاکٹرز کی تمام پیشہ وارانہ ضروریات پوری کرے۔گھروں میں محصور کروڑوں لوگوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔فاقہ کشی سے کئی لوگ خود کشی کرنے تک پہنچ چکے ہیں۔ حکومت کی طرف سے ناداروں کی مدد کا اعلان کردہ پیکج ضرورت مندوں تک پہنچنے تک معاملات کافی بگڑ جائیں گے۔اگر یہ امداد غریبوں تک پہنچ بھی گئی تو یہ بامشکل گزرے دنوں کا کھاتا پورا کر سکے گی۔آئندہ کیلئے لوگوں کو اپنے اپنے کاروبار روزگار کی اجازت دی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -