کرونا کے ٹیسٹ 10فیصد مثبت اور 90فیصد منفی آئے ہیں، پروفیسر سعید قریشی

کرونا کے ٹیسٹ 10فیصد مثبت اور 90فیصد منفی آئے ہیں، پروفیسر سعید قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہاہے کہ ڈاؤ اوجھا کیمپس میں تاحال کوروناسے متاثر17 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 5 وینٹی لیٹرز پر ہیں،باقی 12 خصوصی آ ئسولیشن وارڈ میں ہیں جبکہ کورونا ایمرجنسی کے دوران اب تک 1030ٹیسٹ مکمل ہو نے والے ٹیسٹ میں 103 مثبت آئے ہیں۔ اس لحاظ سے ہمارے یہاں ہونے والے ٹیسٹ میں مثبت کورونا کا اوسط دس فیصدآیا ہے جبکہ 90 فیصد افراد میں کورونا ٹیسٹ منفی آرہے ہیں، انہوں نے یہ باتیں اخبارات اور ٹی وی چینلز کے نمائندوں کی جانب سے بذریعہ فون اوربراہ راست پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں کہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈاؤ لیب کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھائی جاچکی ہے اب ہم ایک ہزارافراد کی ایک دن میں کورونا اسکریننگ کر سکتے ہیں۔ایک اور سوال انہوں نے بتایاکہ ڈاؤ یونیورسٹی میں اب تک ہونے والے ٹیسٹ میں نوے فیصد افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں مگر اسے کلیہ نہیں بنایا جاسکتا کیوں کہ ہمارے ڈاکٹرز کی ہدایت پر علامات کی شدت اور بیرون ملک سفر کا پس منظر دیکھ کر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں پروفیسرسعید قریشی نے بتایاکہ ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں مفت آن لائن کلینک بھی شروع کردیاگیا ہے جس میں گذشتہ روز صبح 9بجے سے دوپہر2بجے کے درمیان درجنوں افراد نے رابطہ کرکے مختلف امراض کے ماہرین سے مشورہ لیا اور دوائیں تجویز کرائیں ۔انہوں نے بتایاکہ مفت ٹیلی میڈیسن کلینک میں مختلف امراض کے ماہرین چھ گھنٹے پیر تا ہفتہ خدمات انجام دیں گے۔گائنی،میڈیسن،سرجری اور سائیکاٹری کے مریض ماہرین سے مفت مشورے کرکے دوا بھی تجویز کی جاسکیں گی انہوں نے بتایا کہ کلینک سے فون نمبر02138732032 پررابطہ کرکے مفت استفادہ کیا جاسکتاہے