خودکشیاں عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی، مزدور طبقہ پریشان: شہباز شریف

خودکشیاں عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی، مزدور طبقہ پریشان: شہباز شریف

  

لاہور (آئی این پی) ن لیگ کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے شانہ بشانہ کرونا کی وباسے لڑیں گے،ہم نے تہیہ کیا ہوا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ہم نے ہر ممکن حد تک عوام کو کرونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے،عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کرونا سے بچاو کی احتیاط پر عمل کریں۔حفاظتی کٹس عوام میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جارہی ہیں جو عوام میں تقسیم کی جائیں گی۔اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزراور صابن شامل ہے۔کٹ میں عوام کیلئے ہدایت نامہ بھی ہے،اس کٹ کا مقصد قوم کو کرونا کے خلاف جنگ کیلئے تیار کرنا ہے۔یہ کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بیحد خوش ہوتا ہے۔یہ موقع ہے کہ ہم انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں۔دیہاڑی دار مزدور اور کمزورطبقات بہت برے حالات میں ہیں۔معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں۔ ایسے اندوھناک واقعات قابل افسوس ہیں۔خود کشی خدانخواستہ عوام کو درپیش مشکل حالات کی نشاندہی کرتی ہے۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -