مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی،شاہ محمود

        مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور قوانین کے منافی ہیں، پاکستانی قوم نے بھارتی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے، اقوام متحدہ کو بھی نوٹس لینا چاہیے،مختلف ائیر پورٹس پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو مرحلہ وار واپس لائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میری اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلیفونک گفتگو انتہائی سود مند رہی،انہوں نے تیسری دنیا کے ممالک کیلئے علم بلند کیا اور میں ان کی اپروچ کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کو اپنے ہیلتھ سسٹم میں بہتری لانے کیلئے اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے استعمال کر سکیں ان نے اس پر بہت اچھی تجاویز دیں اور میں نے ان سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف دنیا کرونا جیسی عالمی وبا سے نبرد آزما ہے دوسری طرف بھارت ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کر کے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ کیے ہوئے ہے وہاں خوراک اور ادویات تک میسر نہیں آ رہیں اور دوسری طرف بھارت مزید غیر قانونی اقدامات اٹھا رہا جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔۔ انہوں نے کہاکہ میں نے انہیں بتایا کہ پاکستان اور پوری کشمیری قوم نے بھارت کے اس اقدام کو مسترد کیا ہے اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری کشمیری قیادت اور ہزاروں کی تعداد میں کشمیری نوجوان بھارتی جیلوں میں نظر بند ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ان مشکل حالات میں کشمیریوں کو سہولت دینے کی بجائے، انہیں خوراک اور ادویات کی فراہمی کی بجائے وہاں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیاں کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ڈومیسائل کے حصول کے قواعد میں تبدیلی دراصل ان کا آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کا ایجنڈا ہے جسے وہ پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام کشمیری قیادت بشمول پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی بھارت کے اس غیر قانونی، غیر آئینی اقدام سے مطلع کر دیا ہے اور انہیں اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ ان نئے قواعد کا مسودہ منگوا کر اس کا جائزہ لیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کروناوائرس کی موثر روک تھام کیلئے قریبی تعاون اور اس حوالے سے بہترین اقدامات کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔دبئی ائیرپورٹ سے پاکستانی شہریوں کو بروقت پاکستان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اماراتی حکام کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔شاہ محمود قریشی نے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل کا اعادہ کیا تاکہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کی بحالی کے لئے مالیاتی وسائل فراہم کئے جائیں۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کی وزیرِ خارجہ رتنو مارسودی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے موثر انداز میں نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے اس عالمی وبا کے باعث انڈونیشیا میں ہونے والے جانی نقصان پرانڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وبا کے انسداد کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے پاکستان میں زیر تعلیم انڈونیشین طلبہ کا خیال رکھنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -