چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت مستحق افراد میں رقم کی تقسیم شروع

  چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت مستحق افراد میں رقم کی تقسیم ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب میں چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت 24 گھنٹے کے اندر مستحق افراد میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیاگیا۔ بزدار حکومت نے ایک لاکھ 70 ہزار زکوٰۃ مستحقین کومالی امداد کی مد میں ایک ارب 46 کروڑ47 لاکھ روپے کی رقم ٹرانسفر کردی۔ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے آغاز کے 24 گھنٹے کے اندر مالی امداد زکوٰۃ مستحقین کو منتقل کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہم دعوے نہیں کرتے بلکہ عملی اقدام کرکے ریلیف دیتے ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت شوبازی سے نہیں بلکہ عمل سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت25 لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا یہ پروگرام دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف فراہم کرے گا اور پنجاب کی تاریخ میں یہ شفاف ترین اور تیز رفتار ترین مالی معاونت کا پروگرام ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گزشتہ روز لاہور شہراورگردونواح کا فضائی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس،پاک فوج اوررینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں۔عوام گھروں میں رہیں گے تو کروناوائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کرونا سے بچانا ہمارامشن ہے لہٰذاکرونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمدکرنے پر ٹرانسپورٹر اورتاجربرادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ملاقات کی۔ عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی ہم سے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت بھرپور کاوشیں کر رہی ہے۔یہ جنگ عوام کی مدد سے ہر صورت جیتیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول میں چیک دینے پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ کا شکریہ اداکیا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

امداد تقسیم

مزید :

صفحہ اول -