نماز جمعہ کے اجتما عات میں شہریوں کی شرکت روکنے کیلئے سخت اقدامات
حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد پولیس نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں لوگوں کی شرکت روکنے کے لئے ضلع بھر میں سخت اقدامات کئے، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ اور ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سندھ حکومت اور آئی جی پی سندھ کے احکامات پر ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے شہریوں کو نماز جمعہ مساجد میں پڑھنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاون پہ سختی سے عملدرآمد کروایا، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور اہلکار ضلع بھر کی مساجد پر تعینات رہے، شہر بھر کی مساجد کے علاوہ امام بارگاہوں، اہم مقامات، چوراہوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیس تعینات کی گئی تھی، لاک ڈاون کے دوران تمام کاروباری و تجارتی مراکز، چھوٹے بڑی دوکانیں اور پیٹرول پمپس بند رہے۔ ضلع پولیس کے ترجمان کے مطابق گذشتہ روز تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے جمعتہ المبارک کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے ان کی باہمی مشاورت کی تھی اور تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں 5 سے زائد افراد کے جمعہ نماز پڑھنے کی اجازت نہیں تھی، لاک ڈاؤن کے وقت کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور آرمی کے افسران و جوان شاہراؤں پر رہے، ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ کے ساتھ شہر بھر کا تفصیلی دورہ کیا لاک ڈاون کا جائزہ لیا اور اسٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔